Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بطور وزیراعظم میرے اوپر جو پریشر تھے آپ سوچ بھی نہیں سکتے: عمران خان

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’مجھے اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا جو بھی آرمی چیف ہو‘ (فوٹو: پی ٹی آئی ٹوئٹر)
سابق وزیراعظم اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ ’مجھے اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا جو بھی آرمی چیف ہو، میں نے کوئی چوری کی ہے کہ آرمی چیف میری مرضی سے ہو۔‘
منگل کو بنی گالہ اسلام آباد میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ’بطور وزیراعظم میرے اوپر جو پریشر تھے آپ سوچ بھی نہیں سکتے۔‘
’اگر مجھے معلوم ہوتا کہ یہ اتنا مشکل کام ہے تو کہتا کہ دوبارہ الیکشن کراؤ، مجھے دوبارہ ایسی حکومت ملی تو کبھی نہیں لوں گا۔‘
ایک سوال کے جواب میں سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ’فوری طور پر صاف شفاف انتخابات کا انعقاد موجودہ سیاسی و معاشی بحران سے نکلنے کا واحد راستہ ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’محض اظہار رائے پر بزرگ سینیٹر اعظم سواتی سمیت دیگر سیاسی کارکنوں اور صحافیوں پر زیرحراست تشدد جیسی شرمناک روایت زندہ کی گئی۔‘
’امپورٹڈ سرکار کے ہاتھوں انسانی حقوق کی خلاف ورزی خصوصاً میڈیا پر اعلانیہ و غیر اعلانیہ پابندیوں کی مثال کسی آمرانہ دور میں بھی نہیں ملتی۔‘
ایک سوال پر عمران خان کا کہنا تھا کہ ’اللہ کا حکم ہے آپ نیوٹرل نہیں رہ سکتے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’آج اسحاق ڈار خود کہہ رہا ہے کہ ہم قرضے واپس نہیں کر سکتے، جو کوئی بھی ان کو سپورٹ کر رہا ہے اس سے بڑا غدار کوئی نہیں۔‘

عمران خان کا کہنا تھا کہ ’اعظم سواتی سمیت سیاسی کارکنوں اور صحافیوں پر زیرحراست تشدد شرمناک ہے‘ (فوٹو: پی ٹی آئی ٹوئٹر)

’شہباز شریف نے 16 ارب روپے کی چوری کی، ان کے نیچے زندگی گزارنے سے بہتر ہے کہ مر جاؤ۔‘
عمران خان نے بتایا کہ ’نیب اور عدالتوں پر ہمارا کوئی کنٹرول نہ تھا، نیب بڑے بدعنوانوں کو پکڑتا نہیں تھا جبکہ عدالتیں سٹے دے دیتیں۔‘
سابق وزیراعظم نے کہا کہ ’مریم نواز کہتی ہے ہیلتھ کارڈ ختم کریں ورنہ عمران کو فائدہ ہوگا، یہ انتظار کر رہے ہیں کہ کسی طرح عمران خان کو نااہل کرا دیں۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’کورونا کے دوران پانچ روز کے علاوہ بطور وزیراعظم میں نے ساڑھے تین سال کے دوران کوئی چھٹی نہیں کی۔‘

شیئر: