Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان ملتوی: پی سی بی

اب یہ سیریز 2024 میں کھیلی جائے گی۔ فوٹو: اے ایف پی
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے کرکٹ بورڈز نے جنوری 2023 میں ہونے والی تین میچوں کی ٹی 20 سیریز ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دونوں کرکٹ بورڈز نے باہمی مشورے سے اگلے سال پاکستان میں ہونے والی ٹی 20 سیریز کو ملتوی کردیا ہے اور اسے سال 2024 کے پہلے کوارٹر میں منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سیریز ملتوی کرنے کا فیصلہ 2024 کے ٹی 20 ورلڈ کپ کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا ہے تاکہ دونوں ٹیموں کو میگا ایونٹ کے لیے تیاریوں میں مدد مل سکے۔
خیال رہے جون 2024 میں شیڈول ٹی 20 ورلڈ کپ کی میزبانی ویسٹ انڈیز اور امریکہ مشترکہ طور پر کریں گے۔
ویسٹ انڈیز کی ٹیم گذشتہ 10 ماہ میں دو مرتبہ پاکستان کا دورہ کرچکی ہے۔
ویسٹ انڈیز کی ٹیم مئی 2022 میں ورلڈ کپ سپر لیگ کے میچ کھیلنے ملتان آئی تھی جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان تین میچوں کی ٹی 20 سیریز ہوئی تھی جو کراچی میں کھیلی گئی تھی۔
اس وقت پاکستان کی ٹیم ٹی 20 ورلڈ کپ کھیلنے کے لیے آسٹریلیا میں موجود ہے اور اپنا پہلا میچ 23 اکتوبر کو روایتی حریف انڈیا کے خلاف میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گی۔

شیئر: