Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

توانائی بحران، یورپی رہنما قیمتوں کا تعین کرنے میں ناکام

اجلاس میں 27 یورپی ممالک کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
یوکرین جنگ کی وجہ سے پیدا ہونے والے توانائی کے بحران سے نمٹنے پر یورپی رہنماؤں نے اتفاق کیا ہے تاہم قیمتوں کے حد کے تعین کے حوالے سے کئی ممالک میں اختلاف پایا جاتا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق یورپی یونین کے 27 ممالک کے رہنما دو روزہ اجلاس کے لیے برسلز میں اکٹھے ہوئے تھے جس کا مقصد براعظم کے توانائی کے بحران سے نمٹنے کے لیے یورپی ممالک کے درمیان اختلافات کو کم کرنا تھا۔
جمعے کو اجلاس کے آخری دن قیمتوں کے حد کے تعین کے حوالے سے اختلاف رائے ختم نہیں ہو سکا۔
یورپی کونسل کے صدر چارلس مشیل نے کہا ہے کہ یورپی رہنماؤں نے قیمتوں میں کمی کرنے اور رسد کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے مشترکہ عزم کا اظہار کیا ہے۔
یورپی کونسل کے اجلاس کے ایجنڈے میں یورپ میں توانائی کا بحران، یوکرین پر روس کا حملہ اور معاشی معاملات شامل تھے۔
یورپ کے توانائی کے وزرا اگلے ہفتے ملاقات کریں اور توانائی سے متعلق یورپی رہنماؤں کے طے شدہ نکات پر مزید تبادلہ خیال کریں گے۔
یورپ نے یورپی یونین کے 13 رکن ممالک کو قدرتی گیس کی سپلائی یا تو کم کر دی ہے اور یا اس کو منقطع کر دیا ہے۔
روس کی جانب سے یہ اقدام یورپی حکومتوں کی جانب سے یوکرین کی حمایت کے بعد سامنے آیا ہے۔
مغربی ممالک یوکرین کو ہتھیاروں کی فراہمی، مالی امداد اور ماسکو پر پابندیوں کی صورت میں یوکرین کی حمایت کر رہا ہے۔

شیئر: