Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ٹی آئی کا احتجاج، ’بائیک والے دلہنیا لے جائیں گے‘

راولپنڈی میں پی ٹی آئی کے احتجاج کے باعث شدید ٹریفک جام رہا (فوٹو: ویڈیو گریب)
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے توشہ خانہ کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان کو نااہل کیے جانے کے بعد ان کی جماعت تحریک انصاف کے کارکنوں کا احتجاج تو چند گھنٹوں بعد ختم ہوگیا لیکن اس سے پیدا ہونے والے ٹریفک جام خاصی دیر تک برقرار رہا۔
اسی دوران سوشل ٹائم لائنز پر مختصر دورانیے کی ایک ویڈیو شیئر کی گئی جس میں عروسی لباس میں ایک خاتون موٹرسائیکل پر سفر کرتی دکھائی گئی ہیں۔
ویڈیو شیئر کرنے والوں نے دعوی کیا ہے کہ یہ مناظر راولپنڈی کے ہیں جہاں عمران خان کی نااہلی کے بعد ہونے والے احتجاج سے پیداشدہ ٹریفک جام میں ایک دلہن بھی پھنس گئی، جس کے بعد اسے موٹرسائیکل پر لے جایا گیا۔
خرم اقبال نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’راولپنڈی میں جگہ جگہ ٹریفک جام، دلہن کو ہال تک پہنچانے کےلئے موٹر سائیکل پر لے جانا پڑا۔‘
ان مناظر پر تبصرہ کرنے والوں نے ’زندگی کے اہم دن‘ کے موقع پر ’دلہن کو مبارکباد‘ دی تو مشکل صورتحال کا شکار ہونے پر ان سے ہمدری کا اظہار بھی کیا۔

فیاض احمد نے صورتحال پر کیے گئے تبصرے میں لکھا کہ ’بائیک والے دلہنیا لے جائیں گے۔‘

تحریک انصاف کے حامی دکھائی دینے والے ایم خان کے ہینڈل سے تجویز دی گئی کہ ’خدارا آج کے دن دلہنیں گھروں میں ہی تیار ہو لیں۔‘

جمعہ کی دوپہر الیکشن کمیشن آف پاکستان نے توشہ خان ریفرنس میں فیصلہ سناتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان کو نااہل قرار دیا تھا۔
الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد اسلام آباد اور راولپنڈی کے مختلف مقامات پر تحریک انصاف کے کارکنوں نے احتجاج کیا تو مصروف مقامات پر ٹریفک جام کی شکایات سامنے آئیں۔

اسلام آباد پولیس کی جانب سے بھی ٹریفک متاثر ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ ’فیض آباد سے اسلام آباد کی طرف ٹریفک کھول دی گئی ہے۔ اسلام آباد سے جانے والا رستہ بھی جلد کھول دیا جائے گا۔ جانے والے رستے پر کچھ لوگ درختوں کو آگ لگا رہےہیں اور ٹریفک کی روانی کو متاثر کر رہے ہیں۔‘

شیئر: