Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آرمی چیف اگر غدار ہیں تو راتوں کو ان سے کیوں ملتے ہیں؟ ڈی جی آئی ایس آئی

پاکستان کی مرکزی خفیہ ایجنسی کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم نے جمعرات کو آئی ایس پی آر میں پریس کانفرنس  کے دوران کہا ہے کہ ان کے سامنے آرمی چیف کو تاحیات توسیع کی پیشکش کی گئی تھی جس کو انہوں نے ٹھکرا دیا۔
لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ ’اگر آپ سمجھتے ہیں کہ آرمی چیف غدار ہے تو اس کو بار بار توسیع دینے کا کیوں کہتے ہیں۔ اگر آپ سمجھتے ہیں کہ آرمی چیف غدار ہیں تو آپ راتوں کو ان سے ملتے کیوں ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ان کو آرمی چیف سے ملاقاتوں پر کوئی اعتراض نہیں کیوں کہ عوام کی آواز پر لبیک کہنا ان کا فرض ہے لیکن اگر آپ راتوں کو ان سے ملتے ہیں تو پھر دن میں انہیں غدار کیوں کہتے ہیں۔‘
واضح رہے کہ یہ پہلا موقع ہے کہ ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم منظر عام پر آئے ہیں اور براہ راست میڈیا سے مخاطب ہوئے ہیں۔
پاکستان کی حالیہ تاریخ میں بھی یہ پہلا موقع ہے کہ ڈی جی آئی ایس آئی نے خود کسی پریس کانفرنس میں شرکت کی ہو اور صحافیوں سے بات چیت کی ہو۔
لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم نے اس موقع پر کہا کہ ان کی پالیسی اور فرائض اس بات کے متقاضی نہیں ہیں کہ وہ منظر عام پر آئیں اور اس طرح کی پریس کانفرنس میں میڈیا کے سامنے بیٹھ کر بات کریں بلکہ اس کے برعکس انہیں پس منظر میں رہ کر انہیں کام کرنا ہوتا ہے لیکن بعض اوقات جھوٹ کو جھوٹ ثابت کرنا پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب انہیں یہ خدشہ محسوس ہوا کہ جھوٹ ملک میں فتنے اور فساد کا باعث بن رہا ہے تو انہوں نے منظر عام پر آ کر بات کی کیونکہ جھوٹ کا جواب دینا ضروری ہو گیا۔
لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم نے کہا کہ ’آرمی چیف سے ملاقاتیں ہوئی ہیں اور مستقبل میں بھی ایسی ملاقاتوں کو خارج از امکان قرار نہیں دیا تاہم ان کے فیصلہ کن ہونے کے بارے میں کوئی حتمی بات نہیں کی۔‘

شیئر: