Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شہزادہ محمد بن سلمان نے پہلی الیکٹرک کار کمپنی کے قیام کا اعلان کردیا

بجلی سے چلنے والی گاڑی مکمل طورپرمملکت میں تیار کی جائے گی(فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے سعودی عرب میں الیکٹرک کار تیار کرنے والی پہلی سعودی کمپنی ’سیر‘ کے قیام کا اعلان کردیا۔ 
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان نے جو پبلک انویسٹمنٹ فنڈ  کی مجلس انتظامیہ کے سربراہ بھی ہیں کہا کہ ’سیر کمپنی‘ کے قیام کا مقصد نہ صرف مملکت میں بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کا سعودی برانڈ متعارف کرانا ہے بلکہ اس کی بدولت قومی صنعتی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے والے متعدد سٹراٹیجک سیکٹرز  بھی مضبوط ہوں گے۔
اس کی بدولت سعودی اور بین الاقوامی سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔ مقامی باشندوں کو روزگار کے نئے مواقع نصیب ہوں گے۔ پرائیویٹ سیکٹر کی توسیع کے نئے امکانات اجاگر ہوں گے۔ آئندہ عشرے کے دوران مملکت کی مجموعی قومی پیداوار میں اضافہ ہوگا۔ 
توقع کی جارہی ہے کہ ’سیر‘ کمپنی کی بدولت  562 ملین ریال کی غیرملکی سرمایہ کاری ہوگی جس سے قومی معیشت مزید مضبوط ہوگی۔
 مجموعی قومی پیداوار میں اس کا حصہ 30 ارب ریال تک کا ہوگا۔ اس سے  2034 تک براہ راست یا بالواسطہ  30 ہزار ملازمتیں نکلیں گی۔ 

 فیکٹری کے قیام سے 30 ہزارملازمتوں کے مواقع میسرآئیں گے(فوٹو، ٹوئٹر)

سیر کمپنی جدید ترین ٹیکنالوجی سسٹم سے آراستہ الیکٹرک گاڑیوں کے ڈیزائن، صنعت اور کاروبار میں حصہ لے گی۔ یہ مملکت سمیت پورے مشرق وسطی میں خودکار ڈرائیونگ کو فروغ دے گی۔ سیڈان اور فور وہیل گاڑیوں  کے ارتقا میں بھی اس کا حصہ ہوگا۔ 
سیر کمپنی، پبلک انویسٹمنٹ فنڈ  اور فوکسکون کمپنی کا مشترکہ  منصوبہ ہے۔  سیر کمپنی کو الیکٹرک گاڑیوں کی تیاری میں کام آنے والی ٹیکنالوجی کے پرمٹ بی ایم ڈبلیو سے ملیں گے جبکہ  فوکسکون کمپنی الیکٹرک گاڑیوں کا سسٹم ڈیولپ کرے گی۔ فوکسکون کمپنی مملکت ہی میں الیکٹرک گاڑیوں کے ڈیزائن  تیار کرے گی اور گاڑی کی تمام کام مملکت ہی میں انجام دیے جائیں گے۔ 
سعودی عرب میں تیار ہونے والی الیکٹرک گاڑیاں ورلڈ سٹینڈرڈ کے مطابق ہوں گی۔ پروگرام کے مطابق سیر کمپنی کی تیار کردہ گاڑیاں  2025 تک مارکیٹ میں آجائیں گی۔ 

پروگرام کے مطابق الیکٹریکل کاریں 2025 تک مارکیٹ میں آجائیں گی(فوٹو، ٹوئٹر)

فوکسکون کے چیئرمین یونگ لیو نے سعودی انویسٹمنٹ فنڈ  کے ساتھ شراکت کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ مجھے گاڑیوں کی نئی کمپنی کے قیام کے سلسلے میں پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کے ساتھ شراکت کا معاہدہ کرکے بے حد خوشی محسوس ہورہی ہے۔ مملکت میں الیکٹرک گاڑیوں کے ڈیزائن اور صنعت پر توجہ مرکوز کریں گے اور فوکسکون میں ہم نے جو تجربات حاصل کیے ہیں ان سے سیر کمپنی کو مستفیض کریں گے۔ 

شیئر: