Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اعلٰی فوجی افسر پر الزامات بے بنیاد، حکومت کارروائی کرے: آئی ایس پی آر

آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ ’ادارہ اپنے افسروں اور سپاہیوں کی ہر قیمت پر حفاظت کرے گا‘ (فائل فوٹو: آئی ایس پی آر)
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے سابق وزیراعظم عمران خان کے بیان پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’چیئرمین پی ٹی آئی کے ادارے پر لگائے گئے تمام الزامات انتہائی افسوسناک اور بے بنیاد ہیں۔‘
جمعے کی رات گئے جاری کیے گئے بیان میں آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ حکومت سے درخواست کی گئی ہے کہ معاملے کی تحقیقات کرے اور فوجی افسر کو بدنام کرنے اور جھوٹے الزامات پر قانونی کارروائی کرے۔‘
’پاک فوج انتہائی پیشہ ور، نظم و ضبط کا حامل ادارہ ہونے پر فخر کرتی ہے۔ کسی کو بھی ادارے یا افسران کی بے عزتی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔‘
’آئی ایس پی آر کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ ’اگر کوئی غیر قانونی کام کرتا ہے تو اس کا مضبوط اور انتہائی مؤثر اندرونی احتسابی نظام موجود ہے جو ہر وردی پہننے والے پر لاگو ہوتا ہے۔‘
’اگر ذاتی مفاد کے لیے فضول الزمات لگا کر افسران اور سپاہیوں کی عزت، حفاظت اور وقار کو داغدار کیا جاتا ہے تو ادارہ ہر قیمت پر اپنے افسران اور سپاہیوں کی حفاظت کرے گا۔‘
آئی ایس پی آر کے مطابق ’ادارہ اپنے افسروں اور سپاہیوں کی ہر قیمت پر حفاظت کرے گا، آج ادارے پر لگائے گئے بے بنیاد الزامات انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہیں۔‘
یاد رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے خود پر وزیرآباد میں ہونے والے حملے کے بعد جمعے کو شوکت خانم ہسپتال لاہور میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کیا۔‘

عمران خان نے خود پر حملے کا الزام شہباز شریف، رانا ثنا اللہ اور ایک سینیئر فوجی افسر پر عائد کیا (فوٹو: اے ایف پی)

اس موقع پر عمران خان نے اپنے کنٹینر پر کیے گئے حملے کا الزام وزیراعظم شہباز شریف، وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ اور ایک سینیئر فوجی افسر پر عائد کیا۔’
ان کا کہنا تھا کہ ’ان تنیوں شخصیات کے مستعفی ہونے تک اُن پر ہونے والے حملے کی صاف اور شفاف تحقیقات ممکن نہیں کیونکہ تحقیقات کرنے والے ان کے ماتحت ہیں۔‘
اس سے ایک روز قبل جمعرات کو کنٹینر پر حملے کے بعد تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل اسد عمر نے ایک ویڈیو بیان میں کہا تھا کہ ’عمران خان نے تین شخصیات کو حملے کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔‘

شیئر: