Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’جمہوریت خطرے میں ہے‘، امریکہ میں وسط مدتی الیکشن میں پولنگ

وسط مدتی الیکشن کے دوران 36 ریاستوں کے گورنرز کا بھی انتخاب ہوگا۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
امریکہ میں وسط مدتی الیکشن میں پولنگ شروع ہونے سے قبل صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ جمہوریت خطرے میں ہے اور یہی وقت ہے کہ اس کو بچایا جائے۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ریاست میری لینڈ میں اپنے حامیوں کی ایک ریلی سے خطاب میں صدر بائیڈن کا کہنا تھا کہ ’ہم جانتے ہیں کہ ہماری جمہوریت خطرے میں ہے اور ہم یہ بھی جانتے ہیں کہ یہی وقت ہے جب آپ نے اس کو بچانا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہم اس وقت میں کامیاب ٹھہریں گے۔‘ 
منگل کو ہونے والے وسط مدتی انتخابات کے لیے متعدد ریاستوں میں حفاظتی اقدامات کو بڑھا دیا گیا ہے اور حکام نے کہا ہے کہ وہ ووٹرز کو ڈرانے، دھمکانے کی کسی بھی قسم کی کوشش کے خلاف سخت کارروائی کریں گے۔
حالیہ برسوں میں یہ سب سے زیادہ بے تابی سے دیکھے جانے والے وسط مدتی انتخابات میں سے ہیں جہاں لاکھوں امریکی قومی، ریاستی اور کاؤنٹی کے عہدیداروں کو منتخب کرنے کے لیے ووٹ کاسٹ کریں گے۔
وسط مدتی الیکشن کے دوران 36 ریاستوں کے گورنرز کا بھی انتخاب ہوگا۔
ریاست ایریزونا کے کچھ علاقوں میں جہاں ری پبلکنز اور ڈیمو کریٹس میں سخت مقابلہ ہے۔ حکام نے بتایا کہ پولنگ اور ووٹوں کی گنتی کے لیے حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں اور کسی بھی مداخلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ 
ریاست کی ماریکوپا کاؤنٹی کے حکام کے مطابق الیکشن کے دوران سکیورٹی کو دو گنا کر دیا گیا ہے۔
یہ وہی علاقہ ہے جہاں سے لیڈ حاصل کرنے کے بعد سنہ  2020 کے صدارتی انتخاب میں جو بائیڈن نے ڈونلڈ ٹرمپ کو شکست سے دوچار کیا تھا۔

امریکہ کے وسط مدتی انتخابات میں ری پبلکنز اور ڈیموکریٹس میں سخت مقابلہ متوقع ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

اس کاؤنٹی کی آبادی 44 لاکھ سے زائد ہے۔ شیرف پال پنزون نے صحافیوں کو بتایا کہ ’ہماری  پالیسی کسی بھی ہنگامے کو برداشت نہ کرنے کی ہے۔‘
انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ’اگر آپ باہر نکلے کہ قانون کو توڑیں گے تو میری جیلوں میں آپ کے لیے بہت جگہ ہے۔‘

شیئر: