Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’پی ٹی آئی کے دروازے تمام جمہوریت پسند قوتوں کے لیے کھلے ہیں‘

عمران خان راولپنڈی سے لانگ مارچ کی قیادت کرتے ہوئے اسلام آباد پہنچیں گے (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ انصاف، قانون کی حکمرانی کے لیے اور غیر ملکی غلامی کے خلاف جدوجہد کے لیے ان کی جماعت کے دروازے تمام جمہوریت پسند قوتوں کے لیے کھلے ہیں۔‘
منگل کو ایک ٹویٹ میں انہوں نے لکھا کہ ’مضحکہ خیز FIR کے معاملے پر تو میرا مؤقف میرے وکلاء دیں گے۔ میں اپنی تمام عمر اپنے ملک کے بارے میں ایک خوشحال فلاحی ریاست کا خواب دیکھتا آیا ہوں اورمیری تمام تر جدوجہد اپنی قوم کے لیے اسی خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کی کوششوں سے عبارت ہے۔ آج قوم بیدار ہوچکی ہے اور عدل و انصاف اور۔‘
’قومی آزادی و خودمختاری کے میرے پیغام کو سمجھتے ہوئے اس کی حمایت میں کھڑی ہوچکی ہے۔ اب جبکہ ہم منزل کے اتنا قریب پہنچ چکے ہیں، کوئی خوف یا میری جان کو لاحق کوئی خطرہ میرے پاؤں کی زنجیر نہیں بن سکتا۔ ہمارے ُپرامن احتجاج اور گفت و شُنید کا محور و مرکز صرف پاکستان کی حقیقی آزادی ہے۔‘
عمران خان نے مزید کہا کہ ’پاکستان کےمستقبل کے لیے تحریک انصاف کے دروازے تمام جمہوریت پسند قوتوں کے لیے کھلے ہیں کہ عدل وانصاف، قانون کی حکمرانی اور بیرونی غلامی سے آزادی، جو ہماری حقیقی آزادی کا ہدف ہے، کے لیے ہماری جدوجہد میں شامل ہوں۔‘
واضح رہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین نے 28 اکتوبر کو لاہور سے حکومت کے خلاف لانگ مارچ کا آغاز کیا تھا، جبکہ تین نومبر کو وزیرآباد میں ان پر فائرنگ کی گئی جس میں وہ زخمی ہو گئے تھے۔
اس حملے کے بعد لانگ مارچ کو روک دیا گیا تھا، لیکن انہوں نے جمعرات کو لانگ مارچ دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
عمران خان نے کہا ہے کہ لانگ مارچ 10 سے 14 روز میں راولپنڈی پہنچے گا اور وہاں سے وہ لانگ مارچ کی قیادت کرتے ہوئے اسلام آباد پہنچیں گے۔
پی ٹی آئی لانگ مارچ پر فائرنگ کے واقعے کی ایف آئی آر سپریم کورٹ کے حکم پر گذشتہ روز پولیس نے درج کی تھی، تاہم تحریک انصاف اس ایف آئی آر کو تسلیم نہیں کر رہی ہے۔ 
تحریک انصاف کی تمام قیادت یک زبان ہو کر اس ایف آئی کو مسترد کر چکی ہے اور اس کا موقف ہے کہ اس میں وہ تین نام شامل نہیں کیے گئے جن پر عمران خان نے حملے کا الزام لگایا تھا۔

شیئر: