Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکہ میں وسط مدتی انتخابات: سینیٹ کا کنٹرول تین ریاستوں کے نتائج پر منحصر

امریکی صدر جو بائیڈن نے وسط مدتی انتخابات کو جمہوریت کے لیے ایک اچھا دن قرار دیا تھا (فوٹو: اے ایف پی)
امریکہ میں وسط مدتی انتخابات کے تین دن بعد بھی یہ واضح نہیں ہو سکا کہ کانگریس پر کس پارٹی کا کنٹرول ہوگا۔
امریکی چینل سی بی ایس کے مطابق سینیٹ کا کنٹرول تین ریاستوں ایروزونا، نیواڈا اور جارجیا کے نتائج پر منحصر ہے۔ ان ریاستوں میں چھ دسمبر کو رن آف الیکشن بھی منعقد ہوگا۔
ریپبلکن ایوان نمائندگان کی 218 نشستوں کی اکثریت تک پہنچ رہے ہیں تاہم نشستوں کی متوقع تعداد میں کمی ہو رہی ہے۔
انتخابات کا اہتمام کرنے والے حکام نے حتمی نتائج کے اعلان میں تاخیر کو معمول کی کارروائی قرار دیا ہے۔
ایوان نمائندگان میں وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکنز نے 213 نسشتیں حاصل کی ہیں جبکہ ڈیموکریٹس کی 206 نشستیں ہیں۔
435 ارکان پر مشتمل ایوان نمائندگان میں اکثریت حاصل کرنے کے لیے 218 نشستیں درکار ہوتی ہیں۔
سینیٹ میں ڈیموکریٹس نے 48 اور ریپبلکنز نے 49 نشستیں حاصل کی ہیں۔
سی بی ایس نے پیشین گوئی کی ہے کہ ایروزونا میں ڈیموکریٹ جیت رہے ہیں، نیواڈا میں کوئی بھی پارٹی جیت سکتی ہے اور الاسکا ریپبلکن ہی کا رہے گا۔

سینیٹ میں ڈیموکریٹس نے 48 اور ریپبلکنز نے 49 نشستیں حاصل کر لی ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

نتائج میں تاخیر کی وجوہات

اگرچہ طویل انتظار امریکی ووٹرز کو پریشان کر سکتا ہے اور غیرملکی مبصرین کو سوالات اٹھانے کا موقع مل سکتا ہے لیکن اس طویل ہوتے عمل کی کچھ وجوہات ہیں۔
امریکہ میں انتخابات ڈی سینٹرلائزڈ ہوتے ہیں اور 50 ریاستیں اس حوالے سے اپنے اپنے قوانین رکھتی ہیں۔
کچھ امریکی مشینوں کے ذریعے ووٹ ڈالتے ہیں جبکہ بعض کاغذی کارروائی کے تحت حق رائے دہی استعمال کرتے ہیں۔ کچھ خود جا کر پول کرتے ہیں جبکہ ایسے لوگ بھی موجود ہیں جو ڈاک کے ذریعے ووٹ ارسال کرتے ہیں جبکہ ڈراپ باکس کا آپشن بھی موجود ہے۔

حکام نے حتمی نتائج کے اعلان میں تاخیر کو معمول کی کارروائی قرار دیا ہے (فوٹو: اے ایف پی)

انتخابات کا اہتمام کرنے والے حکام زور دیتے آئے ہیں کہ نتائج کے لیے صبر کا مظاہرہ کیا جائے تاہم کچھ سیاست دان ایسا نہیں کر پاتے۔

جمہوریت کے لیے اچھا دن

جمعرات کو امریکی صدر جو بائیڈن نے وسط مدتی انتخابات کو جمہوریت کے لیے ایک اچھا دن قرار دیا تھا۔
وائٹ ہاؤس میں نیوز کانفرنس کے دوران امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا کہ اتخابات کے نتائج اس بات کی علامت ہیں کہ امریکی جمہوریت گذشتہ کئی برسوں سے خطرے میں آنے کے باوجود برقرار اور محفوظ ہے۔

شیئر: