Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کیوں چھوڑا، جلد پردہ اٹھاؤں گا: عدنان سمیع

عدنان سمیع خان کو 2021 میں انڈیا کے سب سے بڑے اعزاز پدما شری سے نوازا گیا (فوٹو: انڈین صدر آفس)
پاکستان سے انڈیا منتقل ہو کر وہاں کی شہریت حاصل کرنے والے گلوکار و موسیقار عدنان سمیع خان نے پاکستان چھوڑنے کی وجوہات ظاہر کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے ایک روز ان سے مکمل طور پر پردہ اٹھائیں گے۔
منگل کو تین ٹویٹس کی سیریز میں انہوں نے لکھا کہ ’کہ بہت سے لوگ مجھ سے پوچھتے ہیں کہ میں اکثر پاکستان کے بارے میں نامناسب تبصرہ کیوں کرتا ہوں۔ ایک تلخ حقیقت یہ ہے کہ میں پاکستان کے عوام کے حوالے سے کبھی نامناسب بات نہیں کی، جو میرے ساتھ بہت اچھے رہے ہیں۔‘
’میں ہر اس شخص سے پیار کرتا ہوں جو مجھ سے محبت کرتا ہے۔‘
اگلی ٹویٹ میں انہوں نے کچھ ایسے ’ایشوز‘ کا ذکر کیا ہے جو بقول ان کے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ تھے۔
عدنان سمیع خان نے مزید لکھا کہ ’ایک روز، بہت جلد میں اس حقیقت سے پردہ اٹھاؤں گا کہ انہوں نے میرے ساتھ کیا سلوک کیا، جس کے بارے میں بہت سے لوگوں کو معلوم نہیں ہے۔‘

’میں اس کے بارے میں بہت برسوں سے خاموش ہوں اور دنیا کو بتانے کے لیے درست وقت کا انتظار کر رہا ہوں۔‘
عدنان سمیع خان کئی برس قبل انڈیا منتقل ہو گئے تھے اور 216 میں انہیں انڈیا نے اپنی شہریت بھی دے دی تھی جبکہ 2021 میں انہیں انڈیا کے سب سے بڑے ایوارڈ پدما شری سے بھی نوازا گیا۔

عدنان سمیع اس سے قبل بھی مختلف بیانات کی وجہ سے تنازعات کا شکار ہوتے رہے ہیں۔
دوسری جانب سے سوشل میڈیا خصوصاً پاکستان کے ٹوئٹر صارفین نے انہیں آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے ترکی بہ ترکی جواب دیے۔
 عبدالقدیم بھیٹنی نے انہیں طعنہ دیا کہ ’جو اپنے ملک کا نہ ہو سکا وہ انڈیا کا کیسے ہو گا۔‘

صائمہ نامی صارفہ نے عدنان سمیع خان کی انگریزی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’پہلے اپنی انگریزی ٹھیک کر لیں پھر اپنی سٹوری سنا لینا۔ اچھا ہوا، چلا گیا۔ کون سا بہت کچھ کانٹریبیوٹ کیا ہے کہ ہم اس کے پیچھے روتے رہیں۔‘
انڈین صارف رتنیش تیواری نے صائمہ احمد کو جواب دیتے ہوئے کرکٹ کا ذکر بیچ میں لے آئے۔
انہوں نے لکھا کہ ’روتے تو تم بس ورلڈ کپ کے لیے ہو، وہی نہیں ملتا۔ بے چارے۔‘

ٹوئٹر ہینڈل اوریلس کی جانب سے ان الفاظ میں عدنان سمیع خان کو جواب دیا گیا ’ایک وہ وقت بھی تھا جب حدیقہ کیانی صاحبہ کے ساتھ پاکستان ٹیلی ویژن پر آیا کرتے تھے۔‘
انہوں نے بات جاری رکھتے ہوئے لکھا کہ ’تب یہی قوم تھی اور یہی لوگ سنتے تھے آپ کو۔ تب آپ کے نام اور کام کو اسی قوم نے عزت دی۔‘
اس بحث میں ایسے لوگ بھی دکھائی دیے جنہوں نے کوئی منفی تبصرہ کرنے کے بجائے ’پیار‘ کو ملحوظ خاطر رکھا۔

کلثوم زیب نے عدنان سمیع خان کو جواب دیتے ہوئے لکھا کہ ’آپ جہاں بھی رہو، ہمیں تم سے پیار ہے۔‘
شعیب پیرزادہ نے ان کے وزن کی طرف اشارہ کرتے ہوئے طنزیہ جملہ کسا ’زبردستی جم تو نہیں کروایا؟‘
خیال رہے رواں سال جولائی میں عدنان سمیع خان نے یکدم اپنی ساری انسٹاگرام پوسٹس ڈیلیٹ کر دی تھیں اور ’الوداع‘ لکھا تھا جس کے بعد سوشل میڈیا پر بحث ہوتی رہی تھی۔

شیئر: