Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمان: ساحل کے قریب آئل ٹینکر پر ڈرون حملہ

ڈرون حملے کی فوری طور پر ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی۔ فائل فوٹو اے پی
 اسرائیلی ارب پتی کے ملکیت  ایک آئل ٹینکر کو عمان کے ساحل کے قریب منگل کی رات کو بم بردار ڈرون سے نشانہ بنایا گیا ہے۔
امریکہ کی ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق یہ بات مشرق وسطی میں مقیم دفاعی اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتائی  ہے کیونکہ اہلکار کے پاس اس حملے پر بات کرنے کا اختیار نہیں۔
بحری علاقے میں جہاز رانی کی نگرانی کرنے والی ایک برطانوی فوجی تنظیم یونائیٹڈ کنگڈم میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز کے بیان کے مطابق کہا گیا ہے کہ ہم اس واقعے سے آگاہ ہیں اور اس کی بابت تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
عمان کی حدود میں موجود اس آئل ٹینکر کا نام پیسفک زرکون ہے اور سنگاپور میں قائم ایسٹرن پیسیفک شپنگ کمپنی کا ہے جس کے مالک اسرائیلی ارب پتی ایڈان اوفر ہیں۔
شپنگ کمپنی کو فون کال اور ای میل کے ذریعے تفصیلات معلوم کرنے کی کوشش کی گئی ہے جس کا فوری طور پر کوئی جواب نہیں ملا اسی طرح ابوظہبی میں قائم اسرائیلی سفارت خانے سے بھی کوئی  جواب موصول نہیں ہوا۔
بتایا گیا ہے کہ فوری طور پر اس حملے کی ذمہ داری بھی کسی نے قبول نہیں کی جب کہ ایران پر شبہ کیا جا رہا ہے۔

پیسفک زرکون سنگاپور میں قائم ایسٹرن پیسیفک شپنگ کمپنی کا ہے۔ فوٹو اے پی

واضح رہے کہ ایران اور اسرائیل مشرق وسطیٰ میں برسوں سے جنگی کیفیت میں مصروف ہیں اور یہی وجہ ہے کہ خطے میں سفر کرنے والے اسرائیلی جہازوں کو پہلے بھی کچھ ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ امریکہ نے 2019 میں متحدہ عرب امارات کے ساحل پر ہونے والے حملوں کی ایک سیریز کا الزام بھی ایران پرعائد کیا تھا۔
جس کے بعد تہران نے عالمی طاقتوں کے ساتھ جوہری معاہدے سے یکطرفہ دستبرداری اختیار کر لی اور اپنے اس پروگرام کو بڑھانا شروع کر دیا تھا۔
ایران کے سرکاری میڈیا نے فوری طور پر آئل ٹینکر پیسفک زرکون پر ڈرون حملے کا اعتراف نہیں کیا۔
 

شیئر: