Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا میں تیار کیے گئے پہلے نجی راکٹ ’وکرم ایس‘ کا کامیاب تجربہ

تجربے کو انڈیا میں خلائی تحقیق میں نجی شعبے کے کردار کے لیے اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔ فوٹو: پریس ٹرسٹ آف انڈیا
انڈیا کی ایک ٹیکنالوجی کمپنی نے جمعے کو ملک میں نجی طور پر تیار کیے گئے پہلے راکٹ وکرم ایس کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔
انڈین اخبار دی ہندو کے مطابق سکائی روٹ نے وکرم ایس کو ڈیزائن کیا ہے۔
یہ راکٹ سری ہریکوٹا سے 11:30 پر لانچ کیا گیا۔ انڈیا خلا میں پرائیویٹ راکٹس بھیجنے والے ممالک کی فہرست میں شامل ہو گیا ہے۔
اس راکٹ کا نام معروف سائنسدان اور ملک کے سپیس پروگرام کے بانی وکرم سربائی کے نام پر رکھا گیا ہے۔
انڈین نیشنل سپیس پروموشن اور اتھارائزیشن سینٹر کے چیئرمین پاون گوئنکا نے کہا کہ ’وہ مشن پرارمبھ کی کامیاب تکمیل کا اعلان کرنے پر خوشی محسوس کر رہے ہیں۔ یہ سکائی روٹ ایرو سپیس کی جانب سے آغاز ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ یہ راکٹ تقریباً 90 کلومیٹر بلند ہوا اور اس کی رینج 121 کلومیٹر تھی۔
سکائی روٹ ایروسپیس کی بنیاد حیدرآباد میں رکھی گئی تھی۔ یہ پہلی انڈین پرائیویٹ کمپنی بن گئی ہے جس نے خلا میں راکٹ لانچ کیا۔
پاون گوئنکا نے کہا کہ راکٹ کے حوالے سے جو منصوبہ بندی کی گئی نتائج اس کے مطابق ہیں۔
جمعے کو کیے گئے اس تجربے کو انڈیا میں خلائی تحقیق میں نجی شعبے کے کردار کے لیے اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
مبصرین کے مطابق کامیاب تجربے کے بعد اب سکائی روٹ نامی کمپنی کو اس شعبے میں مزید تجربات کرنے میں بھی آسانی ہوگی۔

شیئر: