Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فٹ بال ورلڈ کپ کے دوران ٹوئٹر کے کریش ہونے کا خدشہ

سابق ملازم نے کہا کہ ’تیاریوں اور عملے کی کمی کی وجہ سے مجھے لگتا ہے کہ یہ ٹوئٹر کے لیے ایک مشکل ورلڈ کپ ہونے والا ہے۔‘ (فائل فوٹو: پکسابے)
مائیکرو بلاگنگ ایپ ٹوئٹر کو حال ہی میں چھوڑنے والے ایک ملازم نے کہا ہے کہ اس بات کا 50 فیصد امکان ہے کہ فٹ بال ورلڈ کپ کے دوران سائٹ آف لائن ہو سکتی ہے۔
برطانوی اخبار گاڑدین کے مطابق سابق ٹوئٹر ملازم جن کا نام معاملے کی احساسیت کی وجہ سے ظاہر نہیں کیا جا رہا، کو ٹوئٹر کمانڈ سینٹر کے کام کا علم ہے۔ سینٹر میں موجود ٹیم ٹریفک میں اضافے اور ڈیٹا سینٹر کی بندش جیسے مسائل کے لیے سائٹ کی نگرانی کرتی ہے۔
سابق ملازم نے کہا کہ ’تیاریوں اور عملے کی کمی کی وجہ سے مجھے لگتا ہے کہ یہ ٹوئٹر کے لیے ایک مشکل ورلڈ کپ ہونے والا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’قطر میں 29 دن تک جاری رہنے والے مقابلے کے دوران کسی قسم کا واقعہ جیسا کہ سروس کا سلو ہونا یا غلط جواب دینا تقریباً یقینی ہے۔ کچھ غلط ہونے کے 90 فیصد امکانات ہیں جو صارفین دیکھیں گے۔‘
سابق ملازم نے کہا کہ اتوار کو شروع ہونے والے مقابلوں کے دوران ٹوئٹر کا آن لائن رہنے کا امکان اس سے بہتر نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’ورلڈ کپ کے آغاز کے ساتھ ٹوئٹر کو ٹریفک کے حوالے سے مشکلات پیش آ سکتی ہیں اور یہ کریش ہو سکتا ہے۔‘
’اگر ہم خوش قسمت ہیں، تو یہ کم سے کم خلل کے ساتھ ٹھیک ہو جائے گا۔‘

ایلون مسک نے ٹوئٹر کی باگ دوڑ سنبھالنے کے بعد بڑے پیمانے پر ملازمین کو نکال دیا ہے۔ (فائل فوٹو: روئٹرز)

واضح رہے کہ اپنے آئی ٹی انفراسٹرکچر کے ساتھ کسی بھی مسئلے کا جواب دینے کی ٹوئٹر کی صلاحیت بہت زیادہ کٹوتیوں کی وجہ سے کمزور پڑ گئی ہے جو الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی کمپنی ٹیسلا کے سی ای او اور خلائی ریسرچ کمپنی سپیس ایکس کے بانی ایلون مسک نے 28 اکتوبر کو پلیٹ فارم کو 44 ارب ڈالر میں خریدنے کے بعد کی ہیں۔
کمپنی کی 75 سو افرادی قوت میں سے تقریباً نصف کو پہلے ہفتے میں نکال دیا گیا تھا۔ دوسرے ہفتے میں فرم کے 55 سو ٹھیکیداروں میں سے ہر پانچ میں سے چار کو فارغ کر دیا گیا۔ اور رواں ہفتے ایک ہزار یا اسے سے زائد مستعفی ہو گئے۔ استعفیٰ دینے والوں میں سے بہت سے ٹوئٹر کے تجربہ کار ملازم تھے۔

شیئر: