Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعظم ہاؤس میں سیاسی سرگرمیاں تیز، آصف زرداری کی شہباز شریف سے ملاقات

وزیراعظم شہباز شریف کی صحت یابی کے بعد وزیراعظم ہاؤس ایک مرتبہ پھر سیاسی سرگرمیوں اور مشاورت کا مرکز بن گیا ہے۔
منگل کو وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں پاکستان فوج کے اعلیٰ عہدوں پر تقرریوں کا جائزہ لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیر دفاع خواجہ آصف، اعلٰی عسکری حکام اور دیگر لیگی رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس میں آرمی چیف کی تعیناتی اور اس سے جڑے معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اس اجلاس میں مشاورتی عمل کہاں تک پہنچا، اس میں کیا پیش رفت اور کیا فیصلے کیے گئے حکومت کی جانب سے اس حوالے سے کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔
ذرائع نے بتایا کہ اس معاملے پر مشاورت کے بعد وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس جمعرات کو طلب کر لیا گیا ہے جس میں ایک نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’وزیراعظم نے 24 نومبر کو صبح نو بجے وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس طلب کر لیا ہے۔ آرمی چیف کی تعیناتی کا معاملہ کابینہ میں زیر بحث آئے گا۔‘
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کابینہ کو تقرری کے معاملے پر اعتماد میں لیں گے اور اس اجلاس کے بعد ترکی کے لیے روانہ ہوں گے۔
اس اجلاس کے بعد شام کو سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری بھی وزیراعظم ہاؤس پہنچے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے آصف علی زرداری کا استقبال کیا۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف کی مزاج پرسی بھی کی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے سابق صدر کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر دونوں قائدین نے مجموعی ملکی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
پیر کو بھی وزیر دفاع خواجہ آصف نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی تھی جس کے بعد انھوں نے بتایا تھا کہ پاکستان فوج میں اعلیٰ تقرریوں کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔

شیئر: