Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بحرین میں نئی حکومت کی تشکیل، کابینہ نے حلف اٹھا لیا

شاہ بحرین نے ولی عہد کو نئی حکومت سازی کا کام سونپا تھا(فوٹو بحرینی نیوز ایجنسی)
بحرین میں نئی کابینہ نے شاہ حمد بن عیسی آل خلیفہ کے سامنے منگل کو الصخیر محل میں حلف اٹھایا ہے۔
اخبار24 کے مطابق اس سے قبل بحرین کے فرمانروا نے نئی کابینہ کی منظوری دی تھی۔
شاہ حمد بن عیسی آل خلیفہ نے نئے وزرا کو خوش آمدید کہا اور وطن عزیز کےلیے انتھک اور بامقصد جدوجہد پر ولی عہد کی ستائش کی۔
انہوں نے مختلف شعبوں میں بہتری لانے، تعمیر و ترقی کےعمل کو آگے بڑھانے اور ملک کے لیے مزید کارنامے انجام دینے پرخوشی کا اظہار کیا۔ 
شاہ بحرین نے نئے وزرا کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ’ وہ وطن عزیز اور عوام کی خدمت میں تمام وزرا سرخرو ثابت ہوں گے‘۔
انہوں نے بحرین کی مقننہ، انتظامیہ اورعدلیہ کے فیصلوں کو قومی ترقی میں معاون اور قابل قدرقراردیا۔
یاد رہے کہ بحرین کے شاہ حمد بن عیسی آل خلیفہ نے پیر کو شاہی فرمان جاری کرکے حکومت کا استعفی منظور کرکے ولی عہد شہزادہ سلمان بن حمد آل خلیفہ کو دوبارہ وزیر اعظم مقرر کیاتھا۔
ولی عہد شہزادہ سلمان بن حمد آل خلیفہ کو نئی حکومت سازی اور کابینہ کے ارکان کے تقرر کا کام سونپا گیا تھا۔

شیئر: