Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل پلیئر ڈرافٹنگ 15 دسمبر کو کراچی میں ہو گی: لیگ انتظامیہ

دفاعی چیمپین لاہور قلندر پی ایس ایل 8 میں اپنے ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔ (فائل فوٹو: پی سی پی)
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں ایڈیشن کی پلیئر ڈرافٹنگ کی تقریب 15 دسمبر کو ملک کے ساحلی شہر کراچی میں منعقد ہوگی۔
پی ایس ایل انتظامیہ کے مطابق پلیئر ڈرافٹنگ کی تقریب کے مقام اور تاریخ کا فیصلہ تمام فرینچائزوں کی رضامندی سے کیا گیا ہے۔
میگا ایونٹ کے دائریکٹر عثمان والاہ کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل میں تمام بہترین کھلاڑیوں کی دستیابی کے بعد انہیں امید ہے کہ یہ ہمیشہ کی طرح ایک اچھا ٹورنامنٹ ہوگا۔
پی ایس ایل کا آٹھواں ایڈیشن 9 فروری سے 19 مارچ تک لاہور، ملتان، کراچی اور راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔ دفاعی چیمپین لاہور قلندر پی ایس ایل 8 میں اپنے ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔
اس سے قبل پی ایس ایل انتظامیہ کی جانب سے کہا گیا تھا کہ ٹورنامنٹ کھیلنے کی آمادگی ظاہر کرنے والوں میں افغانستان کے راشد خان، بنگلہ دیش کے شیکب الحسن، جنوبی افریقہ کے ڈیوڈ ملر، انگلینڈ کے ڈیوڈ ملان، افغانستان کے مجیب الرحمان، سری لنکا کے ونندو ہسارنگا، انگلینڈ کے الیکس ہیلز، آسٹریلیا کے ایرون فنچ اور نیوزی لینڈ کے جمی نیشم بھی شامل ہیں۔
جنوبی افریقہ کو حالیہ ٹی20 ورلڈ کپ میں شکست دے کر پاکستان کو سیمی فائنل میں پہنچنے میں مدد کرنے والی ٹیم نیدرز لینڈز کے بھی 15 کھلاڑی پی ایس ایل کی ڈرافٹنگ کے لیے حاضر ہوں گے۔
اس کے علاوہ سکاٹ لینڈ کے 10، متحدہ عرب امارات کے 25 اور کینیڈا کے 10 کھلاڑیوں نے بھی پی ایس ایل کھیلنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔
پی ایس ایل انتظامیہ کے مطابق پاکستانی کرکٹ کے میگا ایونٹ کی ڈرافٹنگ کے لیے افغانستان کے 43، آسٹریلیا کے 14، بنگلہ دیش کے 28، انگلینڈ کے 139، آئرلینڈ کے 9، نیوزی لینڈ کے 6، جنوبی افریقہ کے 25، سری لنکا کے 60، ویسٹ انڈیر کے 38 اور زمبابوے کے 11 کھلاڑی بھی موجود ہوں گے۔

شیئر: