Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عدالت سے معافی، سینیٹ سے استعفیٰ، فیصل واؤڈا کی تاحیات نااہلی ختم

ایک پریس کانفرنس کے بعد 29 اکتوبر کی فیصل واؤڈا کی پارٹی رکنیت معطل کر دی گئی تھی (فائل فوٹو: ٹوئٹر)
سپریم کورٹ نے تحریک انصاف کے ناراض رہنما فیصل واؤڈا کی تاحیات نااہلی ختم کر دی ہے۔
جمعے کو سپریم کورٹ میں فیصل واؤڈا کی تاحیات نااہلی کیس کی سماعت کے دوران فیصل واؤڈ نے امریکی شہریت کے حوالے جھوٹا حلف نامہ جمع کرانے پر معافی مانگی اور سینیٹ کی نشست سے استعفیٰ دیا۔
عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے فیصل واؤڈا کو 63 ون سی کے تحت پانچ برس ے لیے نااہل قرار دیا۔
استعفیٰ دینے کے بعد فیصل واؤڈا موجودہ اسمبلی کی مدت تک کے لیے نااہل ہوں گے۔
خیال رہے کہ رواں برس 9 فروری کو الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل واؤڈا کو جھوٹا بیان حلفی جمع کرانے پر نااہل قرار دیا تھا اور ان کی سینیٹرشپ کا نوٹیفیکیشن بھی واپس لے لیا تھا۔
الیکشن کمیشن کے فیصلے کے مطابق فیصل واوڈا سنہ 2018 کا الیکشن لڑنے کے وقت اہلیت نہیں رکھتے تھے۔
بعدازاں فیصل واؤڈا نے الیکشن کمیشن کے فیصلے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کر دی تھی۔
26 اکتوبر کو فیصل واؤڈا نے اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس کی تھی جس کے بعد تحریک انصاف کی جانب سے ’پارٹی پالیسی کے خلاف بیان  دینے پر‘ انہیں شوکاز نوٹس جاری کیا گیا تھا۔
اس کے بعد 29 اکتوبر کی فیصل واؤڈا کی پارٹی رکنیت معطل کر دی گئی تھی۔

شیئر: