Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کوئٹہ: جنرل باجوہ نے شیخ محمد بن زاید مرکز برائے امراض قلب کا افتتاح کردیا

 آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے متحدہ عرب امارات کی جانب سے کوئٹہ میں تعمیرکیے جانے والے انسٹی ٹیوٹ برائے امراض قلب کے مرکز کا افتتاح کیا۔
اماراتی خبررساں ایجنسی ’وام‘ کے مطابق صوبہ بلوچستان کے شہر کوئٹہ میں شیخ محمد بن زاید ال نھیان انسٹی ٹیوٹ فارکاڈیالوجی کا منصوبہ ایک لاکھ 21 ہزار 406 مربع میٹررقبے پرتعمیر کیا گیا ہے۔
  منصوبے پر27 ملین 304 ہزار امریکی ڈالر لاگت آئی جو ’ابوظبی  ترقیاتی فنڈ‘ سے ادا کی گی۔ منصوبے کی منظوری سربراہ مملکت شیخ محمد بن زاید ال نھیان نے دی تھی ۔
  منصوبے کی افتتاحی تقریب میں قائم مقام گورنر میر جان محمد جمالی کے علاوہ پاکستان میں امارات کے سفیر حمد عبید ابراہیم الزعابی ، پاکستان کی امداد کےلیے اماراتی منصوبے کے ڈائریکٹر عبداللہ خلیفہ الغفلی کے علاوہ بلوچستان کی سیاسی اورعسکری شخصیات نے بھی شرکت کی۔
شیخ محمد بن زاید آل نھیان انسٹی ٹیوٹ برائے امراض قلب کی افتتاحی تقریب میں  مذکورہ منصوبے کے علاوہ امارات کی جانب سے گزشتہ 3 برسوں میں بلوچستان کے لیے  کیے جانے والے ترقیاتی وامدادی امور پربھی روشنی ڈالی گئی۔
مذکورہ ادارہ برائے امراض قلب کے قیام سے بلوچستان کے لوگوں کو کافی فائدہ ہوگا۔ ادارے میں امراض قلب کے علاج کےلیے جدید ترین مشنری اورآلات فراہم کیے گئے ہیں علاوہ ازیں کینسر کی تشخیص کی سہولت بھی موجود ہے۔
تعمیر کیے جانے والے طبی مرکز سے بلوچستان کے 12 ملین افراد مستفیض ہوں گے جنہیں اعلی ومعیاری طبی سہولت یہاں فراہم کی جائے گی۔

طبی مرکز سے یومیہ 500 افراد مستفیض ہوں گے(فوٹو، ٹوئٹر)

امراض قلب کے اس ادارے میں یومیہ 500 مریضوں کی گنجائش ہے جبکہ سالانہ ایک لاکھ 82 ہزار مریض یہاں سے مستفیض ہوسکتے ہیں۔
انسٹی ٹیوٹ میں 136 ماہرڈاکٹرز اور350 افراد پرمشتمل طبی عملہ موجود ہے۔ طبی مرکز 17 عمارتوں پرمشتمل ہے جبکہ مرکزی عمارت میں آوٹ ڈورکلینکس ، ایمرجنسی وارڈ ، دانتوں کا کلینک اورای سی جی سمیت اینجوپلاسٹی یونٹ بھی قائم کیا گیاہے۔
زیرعلاج مریضوں کے لیے 120 بسترجبکہ گردوں کے امراض میں مبتلا افراد کے ڈائیلاسیس کے لیے 18 بستروں کا انتظام کیا گیا ہے۔
انسٹی ٹیوٹ میں جدید ترین مشنری اورآلات پرمشتمل 8 لیبارٹریز اورفارمیسی کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔

شیئر: