Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمران خان الیکشن کی تاریخ چاہتے ہیں تو مذاکرات کریں: وزیر داخلہ

وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا کہ ’عمران خان کی جان کو خطرہ لاحق ہے‘ (فوٹو: اے پی پی)
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کا کہنا ہے کہ عمران خان اگر الیکشن کی تاریخ چاہتے ہیں تو مذاکرات کریں۔ ’عمران خان نواز شریف یا شہباز شریف سے ملنا چاہیں تو وہ انکار نہیں کریں گے۔‘
جمعے کو اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کے دوران وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’عمران خان صاحب آپ کو پنڈی سے الیکشن کی تاریخ نہیں ملے گی، آپ کو اسٹیبلشمنٹ تاریخ لے کر نہیں دے گی۔ اگر انہوں نے آپ کی بلیک میلنگ میں کسی نے آنا ہوتا تو آپ کو تاریخ دے دیتے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’میں عمران خان کو سیاسی مخالف سمجھتا ہوں، دشمن نہیں۔ ان کی مدد کے لیے تیار ہوں۔‘
رانا ثنااللہ کے بقول اس سال پاک فوج کے سربراہ کی تعیناتی ہونا تھی تو آئینی عمل کو بے وقعت کرنے اور تماشا بنانے کے لیے لانگ مارچ کا ڈھونگ رچایا گیا۔ ’آخر کار پوری قوم کی دعاؤں سےاور پاکستان کے بہترین مفاد میں پاک فوج کے سربراہ کا آئینی عمل پُروقار طریقے سے مکمل ہوا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہونا تو یہ چاہیے تھا عمران خان اجتماع کو ملتوی کر دیں لیکن وہ بضد ہیں اور وہ کل راولپنڈی میں اجتماع کرنا چاہتے ہیں۔ میرا مشورہ ہے کہ عمران خان  صاحب یہ بے مقصد اجتماع ملتوی کر دیں۔‘
وزیر داخلہ کے بقول ’عمران خان کی جان کو خطرہ لاحق ہے۔ ایسے اجتماع میں شرپسند عناصر کو بھی موقع مل جاتا ہے۔ ہم نے حکومت کی طرف سے ایڈوائزری بھی جاری کی ہے کہ جلسے کے چاروں اطراف سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جائیں۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’آج میٹنگ کی ہے، تمام انٹیلی جنس ایجنسیز نے ریڈ الرٹ سے آگاہ کیا ہے۔ ’ایڈوائزی میں ہدایت کی ہے کہ جلسے کے سٹیج کو بلٹ پروف رکھا جائے، سٹیج کی انٹری کو محدود رکھا جائے۔‘
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ’یہ کوئی آزادی مارچ نہیں بلکہ فتنہ اور فساد مارچ ہے۔ یہ ترقی نہیں پاکستان کی تباہی کا مارچ ہے۔‘

شیئر: