Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’دل کی باتیں کسی کو نہیں بتاتی لیکن شاہ رخ سے کھل کے کر لیتی ہوں‘

انوشکا شرما نے ایک شو میں کہا کہ شاہ رخ خان سچے اور گہرے انسان ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
بالی وڈ فلم انڈسٹری کے سپر سٹار کنگ خان اور اداکارہ انوشکا شرما کئی فلموں میں اکٹھے کام تو کر ہی چکے ہیں لیکن اس کے ساتھ ساتھ یہ دونوں گہرے دوست بھی ہیں۔
انوشکا شرما کنگ خان کے لیے اپنے جذبات کا اظہار کسی نہ کسی پلیٹ فارم پر کرتی رہتی ہیں لیکن اس خاص دوستی کی وجہ انہوں نے ایک پروگرام میں بیان کی تھی جس کا ایک کلپ حال ہی میں شاہ رخ خان نے اپنے انسٹاگرام پر بھی شیئر کیا۔
دونوں اداکاروں کے درمیان دوستی کی شروعات سال 2008 میں ریلیز ہونے والی فلم ’رب نے بنا دی جوڑی‘ سے ہوئی جو انوشکا شرما کی پہلی فلم تھی۔
یہ فلم نہ صرف انوشکا شرما کی شاہ رخ خان سے گہری دوستی کے آغاز کا سبب بنی بلکہ اس کے بعد اداکارہ نے ’جب تک ہے جان‘، ’جب ہیری میٹ سجل‘ اور ’زیرو‘ جیسی فلمیں کیں۔
انوشکا شرما یہ بھی کہہ چکی ہیں کہ وہ شاہ رخ خان کی اس لیے بھی اتنی زیادہ عزت کرتی ہیں کیونکہ بالی وڈ فلم انڈسٹری سے کوئی تعلق واسطہ نہ ہونے کے باوجود انہوں نے نام کمایا اور سپر سٹار بن گئے۔
جس پروگرام کا کلپ شاہ رخ خان نے اپنے انسٹاگرام پر شیئر کیا وہ دراصل سال 2016 کا ہے جب ’یادوں کی بارات‘ دونوں اداکار مہمان کے طور پر شریک ہوئے تھے۔
اس شو کے دوران انوشکا شرما نے بتایا کہ ویسے تو وہ اپنے دل کی باتیں کسی کو نہیں بتاتیں اور نہ ہی اپنی فیملی کے ساتھ زیادہ تر شیئر کرتی ہیں، لیکن شاہ رخ کے ساتھ اپنی ساری باتیں کر لیتی ہیں۔
’یہ واحد شخص ہیں جن کے ساتھ اپنی ساری باتیں کر لیتی ہوں، کھل کے۔ یہ سچے اور گہرے انسان ہیں اور آپ کو جج نہیں کرتے (یعنی اپنے خیالات کی بنیاد پر کسی سے متعلق رائے نہیں اختیار کرتے۔‘
انوشکا شرما کی اس بات پر شاہ رخ نے بتایا کہ دونوں کے درمیان دوستی کی شروعات عام انداز میں نہیں ہوئی کہ فون پر بات چیت ہوئی ہو یا کہیں اکھٹے مل بیٹھے ہوں۔
’یا ہم نے ایک دوسرے سے کہا ہو کہ کہیں ملتے ہیں یا کہا ہو کہ آؤ وہاں چلتے ہیں۔ ایسا کچھ بھی نہیں ہوا۔ دراصل جس طرح سے ہم ایک دوسرے کی سپیس کی عزت کرتے ہیں وہ مجھے زیادہ اچھا لگتا ہے اور میں خود بھی ایسا ہی ہوں۔‘
شاہ رخ خان نے مزید بتایا کہ ’شاید یہی وجہ ہے ہمارے قریب آنے کی۔ جب میں اس سے بات کرنا شروع کرتا ہوں یا یہ مجھ سے بات کرتی ہیں تو ہمارے درمیان بہت سی ایسی باتیں ہوتی ہیں جو ہم عموماً باہر دوسروں سے نہیں کرتے۔ کیونکہ ہمیں یہ معلوم ہے کہ یہ بات جو ہمارے درمیان ہو رہی ہے ہم تک ہی رہے گی۔‘

شیئر: