Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسرائیلی انتہا پسندوں کی ٹی وی رپورٹر کو ہراساں کرنے کی کوشش

خاتون صحافی نے کہا 'آپ مجھے پریشان کر رہے ہیں، یہاں سے ہٹ جائیں'۔ فوٹو عرب نیوز
اسرائیلی انتہا پسندوں نے بدھ کے روز مغربی بیت المقدس سے عربی میں  لائیو کوریج کے دوران ٹی وی چینل فرانس 24 کی رپورٹر لیلیٰ عودہ کو زبانی حملوں کے ساتھ ہراساں کرنے کی کوشش کی۔
عرب نیوز کے مطابق اس واقعے کی ویڈیو میں مغربی بیت المقدس میں حالیہ بم حملوں کی  ٹی وی کوریج کے دوران فلسطینی خاتون صحافی کے ساتھ اسرائیلی نوجوانوں کو بدتمیزی کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
فلسطینی رپورٹر لیلیٰ عودہ  حالیہ دھماکے کے قریبی مقام سے براہ راست رپورٹنگ کر رہی تھیں جب تقریباً 30 افراد نے لائیو کوریج میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی۔
اس سے قبل کے بدتمیز نوجوان نشریات روکنے کے لیے کیمرے کے سامنے آئیں ویڈیو میں خاتون صحافی کو ان کے ساتھ کچھ الفاظ کا تبادلہ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
الفاظ کے تبادلے میں سنا جا سکتا ہے کہ خاتون صحافی کہہ رہی ہیں کہ 'معاف کیجئے ہم لائیو کوریج کر رہے ہیں'، جس پر نوجوان کا جواب تھا کہ 'ہمیں اس کی پروا نہیں' ، صحافی نے پھر کہا 'آپ مجھے پریشان کر رہے ہیں، یہاں سے ہٹ جائیں'۔
اس کے بعد ویڈیو میں زبانی تکرار دکھائی گئی اور اس سے پہلے کہ آس پاس موجود  افراد عرب مخالف نعرے لگانا شروع کر دیں،  فلسطینی خاتون صحافی  کو نشریات بند کرنے پر مجبور ہونا پڑا۔

اسرائیلی حکام نے تحقیقات پر نشریاتی پابندی عائد کر دی ہے۔ فوٹو ٹوئٹر

خاتون صحافی کو ہراساں کرنے کے  واقعے کے بعد فرانس 24 کی جانب سے جاری ہونے والی رپورٹوں کے مطابق براہ راست نشریات کے بعد  وہاں موجود اسرائیلیوں نےفلسطینی رپورٹر کی توہین کی اور ان کے سامنےغزہ جانےکے  نعرہ لگائے جس کے بعد جارحانہ رویے میں اضافہ ہوا۔
فرانس 24 چینل  نے یہ بھی اطلاع دی ہے کہ وہاں موجود افراد نے کیمرہ مین کو مکے مارے اور  کیمرے کا سٹینڈ توڑدیا۔

وہاں موجود چند افراد نے کیمرے کا سٹینڈ بھی توڑ دیا۔ فوٹو روئٹرز

واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں کہ جب فلسطینی صحافی کو اسرائیلی انتہا پسندوں نے نشانہ بنایا ہو۔ مئی میں بھی بیت المقدس میں اسرائیلی قوم پرست فلیگ مارچ کی کوریج کے دوران رپورٹر کے سر پر ضرب لگائی گئی تھی اور ان کے ساتھ  زبانی  بدسلوکی بھی  کی گئی۔
قبل ازیں بدھ کو اسرائیلی پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ مغربی بیت المقدس میں دو بس سٹاپ پر حملے کئے گئے ہیں جس کے باعث ایک اسرائیلی ہلاک اور متعدد زخمی ہونے کی اطلاع ہے، زحمیوں میں تین کی حالت نازک ہے۔ تاحال کسی نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی جب کہ اسرائیلی حکام نے تحقیقات پر نشریاتی پابندی عائد کر دی ہے۔
 
 

شیئر: