Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خلیج مشترکہ دفاعی کونسل نے اہم سکیورٹی اقدامات کا اعلان کر دیا

کونسل کے ارکان نے ابھرتے ہوئے خطرات سے نمٹنے اور خلیج دفاعی اتحاد کو مضبوط بنانے کے لیے ہر سطح پر کام اور ہم آہنگی جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔ (فوٹو: عرب نیوز)
خلیج جوائنٹ دفاعی کونسل نے جمعرات کو دوحہ میں ایک ہنگامی اجلاس کے دوران علاقائی سلامتی کے خدشات، بالخصوص قطر پر حالیہ اسرائیلی حملے کے تناظر میں، متعدد اہم سکیورٹی اقدامات کا اعلان کیا۔
عرب نیوز کے مطابق دفاعی کونسل کی جانب سے اعلان کیے گئے اقدامات درج ذیل ہیں:
متحدہ کمانڈ کے ذریعے انٹیلیجنس کے تبادلے کو بہتر بنانا، فضائی صورت حال کی تصویر تمام جی سی سی آپریشن سینٹرز کو منتقل کرنا، بیلسٹک میزائلوں کے خلاف ابتدائی انتباہی نظام کی تیاری میں تیزی لانا،، متحدہ عسکری کمان کے ساتھ ہم آہنگی میں مشترکہ دفاعی منصوبوں کو اپ ڈیٹ کرنا، اور آئندہ تین مہینوں میں فضائی آپریشن سینٹرز کے مابین مشترکہ مشقیں کروانا، جن کے بعد مکمل مشترکہ فضائی مشق ہو گی۔
کونسل کے ارکان نے ابھرتے ہوئے خطرات سے نمٹنے اور خلیج دفاعی اتحاد کو مضبوط بنانے کے لیے ہر سطح پر کام اور ہم آہنگی جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔
یہ اجلاس قطر کے وزیر مملکت برائے امورِ دفاع، شیخ سعود آل ثانی کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں خلیجی ممالک کے وزرائے دفاع اور اعلیٰ عسکری حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں اسرائیلی حملے کو نہ صرف قطر بلکہ تمام رکن ممالک کے لیے خطرہ قرار دیا گیا۔
کونسل نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا اور کہا کہ یہ حملہ علاقائی استحکام اور غزہ میں قطر کی سفارتی کوششوں کے لیے خطرہ ہے۔

کونسل نے دوحہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا۔ (فوٹو: عرب نیوز)

یہ اجلاس بدھ کو ہونے والی جی سی سی کی سپریم ملٹری کمیٹی کے اجلاس کا تسلسل تھا، جس کا مقصد مشترکہ دفاع کو مضبوط بنانا اور خلیج کی دفاعی صلاحیت کو بڑھانا تھا۔
اس اجلاس میں میجر جنرل عیسیٰ بن راشد المحنّدی، معاون سیکرٹری جنرل برائے عسکری امور، اور میجر جنرل عبدالعزیز بن احمد البلوَی، کمانڈر، متحدہ عسکری کمان، نے شرکت کی۔

 

شیئر: