اسرائیلی فوج نے جمعرات کے روز جنوبی لبنان کے مختلف علاقوں کے رہائشیوں سے کہا ہے کہ وہ ممکنہ فضائی حملوں سے قبل ان علاقوں کو خالی کر دیں، کیونکہ فوج جلد ہی حزب اللہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے جا رہی ہے۔
اے ایف پی کے مطابق فوج کے عربی زبان کے ترجمان، کرنل اویخائے ادرعی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’فوج جنوبی لبنان کے مختلف علاقوں میں دہشت گرد تنظیم حزب اللہ کے فوجی ڈھانچے پر حملہ کرے گی، کیونکہ یہ تنظیم علاقے میں اپنی سرگرمیاں دوبارہ منظم کرنے کی ممنوعہ کوششیں کر رہی ہے۔‘
مزید پڑھیں
-
صدر ٹرمپ اور شاہ چارلس سوم، متضاد شخصیات کے حامل سربراہانِ مملکتNode ID: 894638
ادھر، اسرائیلی فوج کی جانب سے جنوبی لبنان کی کئی عمارتوں کو خالی کرنے کی وارننگ کے فوراً بعد، لبنانی وزیرِاعظم نواف سلام نے اسرائیل پر حملے روکنے کے لیے ’زیادہ سے زیادہ دباؤ‘ ڈالنے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے کابینہ کے اجلاس کے دوران کہا کہ ’لبنان عالمی برادری، بالخصوص ان ممالک سے جو جنگ بندی معاہدے کے ضامن ہیں، مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اسرائیل پر فوری حملے بند کرنے کے لیے بھرپور دباؤ ڈالیں۔‘
واضح رہے کہ فرانس اور امریکہ ان دو بڑے ممالک میں شامل ہیں جنہوں نے نومبر کی جنگ بندی میں مرکزی کردار ادا کیا تھا، جس کا مقصد اسرائیل اور ایران کی حمایت یافتہ حزب اللہ کے درمیان ایک سال سے جاری کشیدگی کا خاتمہ تھا۔