Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حنا ربانی کھر کا دورہ کابل، افغان وزیرخارجہ سے ملاقات

پاکستان کی وزیر مملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر نے اپنے ایک روزہ دورہ کابل کے دوران افغان نائب وزیر اعظم عبدالسلام حنفی، وزیر خارجہ امیر متقی، وزیر تجارت حاجی نورالدین عزیز سے ملاقاتیں کیں اور باہمی دلچسپی کے امور سمیت افغانستان میں انفراسٹرکچر کی بحالی، تعلیم صحت اور دیگر امور پر بات چیت کی ہے۔ 
منگل کو وزیر مملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر اپنے پہلے دورہ افغانستان پر کابل پہنچیں تو نائب وزیر برائے اقتصادیات عبدالطیف نذیری اور پاکستانی سفارت خانے کے حکام نے ان کا استقبال کیا۔ 
کابل پہنچنے کے فوری بعد دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان دو طرفہ مذاکرات ہوئے۔
پاکستانی وفد کی قیادت حنا ربانی کھر جبکہ افغان وفد کی قیادت ملا امیر متقی نے کی۔ 
دفتر خارجہ کے مطابق ان مذاکرات میں دو طرفہ تعلقات، باہمی تجارت، سیاسی مسائل اور عوامی سطح کے رابطوں پر غور و خوض کیا گیا۔
پاکستانی وفد میں افغانستان کے لیے نمائندہ خصوصی سابق سفیر محمد صادق بھی شامل تھے۔ 
بعد ازاں حنا ربانی کھر نے افغانستان کے نائب وزیر اعظم عبدالسلام حنفی سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں افغان وزیر پٹرولیم و معدنیات بھی موجود تھے۔ ملاقات میں پاک افغان تعلقات، تجارت، علاقائی صورت حال، افغانستان امن و امان کی مجموعی صورت حال اور اور آئی سی کانفرنس کے نتیجے میں افغان عوام کے لیے دوست ممالک کی جانب سے کیے گئے وعدوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ 
حنا ربانی کھر افغان وزیر تجارت سے بھی ملاقات کی جس میں دو طرفہ تجارت، پاک افغان تجارتی راہداریوں اور دونوں ممالک کے تاجروں کو درپیش مسائل سمیت دیگر امور زیر غور آئے۔ 
اس دورے کی اہم بات یہ تھی کہ حنا ربانی کھر نے افغان وومین چیمبر آف کامرس سے تعلق رکھنے والی افغان کاروباری خواتین کے وفد سے بھی ملاقات کی۔ 
وزیر مملکت برائے خارجہ ے معاشرے میں خواتین کے کردار بالخصوص معاشی ترقی میں خواتین کے مثبت کردار پر زور دیا۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان اور افغان کاروباری خواتین کے درمیان رابطوں کو فروغ دینے کے اقدمات کیے جائیں گے جبکہ پاکستان افغان خواتین کی بنائی گئی مصنوعات کی درآمدات کو ترجیح دے گا۔ 
حنا ربانی کھر اپنا دورہ مکمل کرنے کے بعد پاکستان کے لیے روانہ ہوچکی ہیں۔  
 

شیئر: