Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسلام قبول کرنے والے امریکی شہری کی پاکستانی شہریت کے لیے درخواست

پشاور میں مقیم امریکی شہری نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ اس نے پاکستانی خاتون سے شادی کر کے اسلام قبول کیا اس لیے اسے پاکستانی شہریت دی جائے۔ 
جمعرات کو امریکی شہری نے پشاور ہائی کورٹ میں ایک رٹ پٹیشن دائر کی جس میں وفاقی حکومت اور اس کے تحت حکام سے درخواست کی گئی کہ پاکستانی شہری سے شادی کی وجہ سے اسے شہریت دی جائے۔
درخواست امریکی شہری اور ان کی اہلیہ کی جانب سے سیف اللہ محب کاکا خیل ایڈووکیٹ نے دائر کی۔
ایڈوکیٹ سیف اللہ محب کاکا خیل نے اردو نیوز کو بتایا کہ امریکی شہری نے سال 2020 میں پاکستانی خاتون سے شادی کی جن کی ایک بیٹی بھی ہے۔ میاں بیوی کچھ عرصہ کراچی میں رہنے کے بعد اب پشاور منتقل ہوچکے ہیں۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ امریکی شہری اسلام قبول کرچکا ہے اور اس نے پاکستانی شہری سے شادی کی ہے، امریکی شہری کا نام اور شناخت سکیورٹی وجوہات کی وجہ سے ظاہر نہیں کیا جارہا ہے۔
امریکی شہری  پاکستانی شہریت حاصل کرنا چاہتا ہے تاکہ وہ حج اور عمرہ کے فرائض ادا کر سکے کیونکہ اس کے امریکی پاسپورٹ پر مذہب عیسائیت درج ہے۔
ایڈوکیٹ  سیف اللہ محب کاکا خیل کا کہنا تھا کہ پاکستان سٹیزن شپ ایکٹ 1951 اور وفاقی شرعی عدالت کے فیصلوں کے مطابق پاکستانی شہری سے شادی کرنے والے ہر شخص کو نادرا حکام  شہریت یا پاکستان اوریجن کارڈ جاری کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ رواں سال 12 اکتوبر کو پشاور ہائیکورٹ نے شہریت کیس میں نادرا کو افغان شہری کے لیے پاکستان اوریجن کارڈ جاری کرنے کا حکم دیا۔

شیئر: