Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

راولپنڈی ٹیسٹ کے تیسرے دن مردہ میچ میں جان پڑ گئی

عبداللہ شفیق اور امام الحق دونوں اوپنرز نے سینچری بنائی (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان اور انگلینڈ کے مابین تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز کھیل کے اختتام تک گرین شرٹس نے سات وکٹوں کے نقصان پر 499 رنز بنائے ہیں۔
آغا سلمان 10 اور زاہد محمود ایک رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں جبکہ ابھی 158 رنز کی ٹریل باقی ہے۔
ٹیسٹ میچ اس وقت دلچسپ مرحلے میں داخل ہو چکا ہے اور کرکٹ ماہرین کے مطابق کل اگر پاکستان کے آؤٹ ہونے کے بعد انگلینڈ تین سیشنز بھی کھیل گیا تو گرین شرٹس کو مشکل ہدف دے سکتا ہے۔
سنیچر کو راولپنڈی میں کھیلے جانے والے پانچ روزہ میچ کے تیسرے روز پاکستان نے اپنی پہلی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا۔ دونوں اوپنرز نے 181 سے سکور آگے بڑھاتے ہوئے ڈبل سینچری پارٹنرشپ مکمل کی۔
ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب کسی ٹیسٹ میچ کی دونوں اوپننگ پارٹنرشپس 200 رنز سے زیادہ رہی ہیں۔ دونوں اوپنرز عبداللہ شفیق اور امام الحق نے اپنی سینچریاں بھی مکمل کیں۔ 

جیک لیچ نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا (فوٹو: اے ایف پی)

انگلینڈ کو پہلی کامیابی 225 کے مجموعی سکور پر ملی جب عبداللہ شفیق 109 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ انہیں وِل جیکس نے آؤٹ کیا اور یہ ان کی ٹیسٹ کرکٹ میں پہلی وکٹ ہے۔   
پاکستان کی دوسری وکٹ 245 کے مجموعی سکور پر گری جب جیک لیچ نے امام الحق کو بولڈ کر دیا، انہوں نے 121 رنز بنائے۔ 
پاکستان کے تیسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز اظہر علی تھے جنھوں نے 27 رنز بنائے۔ اظہر علی کو بھی جیک لیچ نے ہی آؤٹ کیا۔ 
بابر اعظم اور سعود شکیل کے درمیان چوتھی وکٹ کے لیے 123 رنز کی شراکت داری بنی جس کے بعد سعود 37 رنز بنا کر اولی رابنسن کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
پانچویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی بابر اعظم تھے، انہیں جیک لیچ نے پویلین روانہ کیا۔ بابر اعظم نے اپنی سینچری 13 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے مکمل کی، یہ اس میچ کی ساتویں سینچری ہے۔ 
محمد رضوان کی زیادہ دیر وکٹ پر نہ رک سکے اور صرف 29 رنز بنا کر جیمز اینڈرسن کا شکار بنے۔
گرین شرٹس کے ساتویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی نسیم شاہ تھے، وہ 15 رنز بنا کر ِول جیکس کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
اس سے قبل گذشتہ روز انگلینڈ کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 657 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔ 
انگلینڈ کی پہلی اننگز میں بین ڈکٹ، زیک کرالی، اولی پوپ اور ہیری بروک کی سینچریاں شامل ہیں۔ ہیری بروک 153 رنز کے ساتھ اننگز کے ٹاپ سکورر رہے ہیں جبکہ پاکستان کی جانب سے زاہد محمود نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ 
نسیم شاہ نے تین، محمد علی نے دو اور حارث رؤف نے ایک وکٹ حاصل کی۔

شیئر: