Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

راولپنڈی ٹیسٹ: ’ہم نے کرکٹ پِچ کی جگہ موٹر وے تیار کیا ہے‘

انگلینڈ نے 14ویں اوور میں اپنے پہلے 100 رنز مکمل کر لیے تھے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلے ٹیسٹ کے پہلے دن کا کھیل آج راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں جاری ہے اور اس وقت پاکستانی سوشل میڈیا پر ہر طرف اسی ٹیسٹ میچ کے چرچے ہیں۔
انگلینڈ کے دونوں اوپنرز اب تک کریز پر برقرار ہیں اور انہوں نے 200 سے زائد رنز بنا لیے ہیں۔
انگلینڈ نے اپنی اننگز کے پہلے 100 رنز 14ویں اوور میں ہی مکمل کرلیے تھے اور انگلینڈ کے دونوں اوپنرز کی برق رفتار بیٹنگ نے پاکستان سوشل میڈیا کو بھی حیران کر دیا۔
پاکستانی سپورٹس جرنلسٹ فیضان لاکھانی نے لکھا کہ ’ہم تو یہ ٹی20 میچوں میں بھی نہیں کرتے جو انگلینڈ کی ٹیم ٹیسٹ میچ میں کر رہی ہے۔‘
سابق آسٹریلین کرکٹر ٹام موڈی شاید انگلینڈ کے بیٹرز کی جارحانہ بیٹنگ دیکھ کر شاید یہ سمجھے کہ وہ ٹیسٹ میچ نہیں بلکہ ون ڈے میچ دیکھ رہے ہیں۔
انگلینڈ کی کرکٹ کی تاریخ میں ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ دونوں اوپنرز نے اپنی نصف سینچریا 50 یا 50 کم گیندوں پر مکمل کی ہوں۔
زیک کرولی اور بین ڈکٹ دونوں اپنی سینچریاں مکمل کر چکے ہیں۔ کرولی نے اپنی سینچری 86 جبکہ ڈکٹ نے اپنی سینچری 104 گیندوں پر مکمل کی۔
ٹوئٹر صارفین انگلینڈ کی برق رفتار بیٹنگ کے لیے راولپنڈی کی ’ناقص‘ پچ کو ذمہ دار ٹھرا رہے ہیں۔
تابش نامی صارف نے اس حوالے سے لکھا کہ ’ایک بار پھر ہم نے کرکٹ پچ کی جگہ موٹر وے تیار کیا ہے۔‘
انڈین سپورٹس صحافی اویناش آرین نے پاکستانی بولرز کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا ’ایک وکٹ تو لے لو یار۔ ورلڈ ریکارڈ بناؤ گے کیا؟ کیسی پچ بنا کر دی ہے بھائی؟‘
پاکستان میں کرکٹ کی کوریج کرنے والے پلیٹ فارم نے انگلش کمنٹیٹر ناصر حسین سے منسوب کرکے راولپنڈی کی پچ کے لیے لکھا کہ ’یہ تو بلکل روڈ کی طرح لگ رہی ہے۔‘
زیک کرولی 111 گیندوں پر 122 رنز بنا کر حارث رؤف جبکہ بین ڈکٹ 110 گیندوں پر 107 رنز بناکر زاہد محمود کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

شیئر: