Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوگا: آرمی چیف

پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ انڈیا کبھی بھی اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوگا۔ ’دنیا کو انصاف یقینی بنانا ہوگا اور کشمیر کے لوگوں کے ساتھ اقوام متحدہ کے قراردادوں کے مطابق کیے گیے وعدوں کو پورا کرنا ہوگا۔‘
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جنرل عاصم منیر نے سنیچر کو پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں لائن آف کنٹرول کے رکھ چکری سیکٹر کا دورہ کیا ہے۔
ایل او سی کے دورے کے دوران جوانوں اور افسروں کے ساتھ گفتگو کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ حالیہ دنوں میں انڈین لیڈرشپ کی جانب سے کشمیر اور گلگت بلتستان کے حوالے سے انتہائی غیرذمہ درانہ بیانات ہمارے نوٹس میں آئے ہیں۔
’مجھے یہ واضح کرنے دیں کہ پاکستان کی مسلح افواج نہ صرف اپنے وطن کے ایک ایک انچ کے دفاع کے لیے تیار ہیں بلکہ اگر جنگ مسلط کی گئی تو اسے دشمن تک لے جانے کے لیے بھی تیار ہیں۔‘
جنرل عاصم منیر نے کہا کہ کسی بھی غلط فہمی جس کا نتیجہ غلط مہم جوئی ہو کا بھرپور جواب مسلح افواج قوم کی مدد سے دیں گے۔
’انڈیا کبھی بھی اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوگا۔  دنیا کو انصاف یقینی بنانا ہوگا اور کشمیر کے لوگوں کے ساتھ اقوام متحدہ کے قراردادوں کے مطابق کیے گیے وعدوں کو پورا کرنا ہوگا۔‘
آئی ایس پی آر کے مطابق دورے کے دوران آرمی چیف کو لائن آف کنٹرول کی تازہ صورتحال اور فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے افسروں اور جوانوں سے بات چیت کی اور ان کی پیشہ وارانہ قابلیت اور بلند حوصلے کو سراہا۔

شیئر: