Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

راولپنڈی ٹیسٹ: پاکستان کو مزید 263 رنز درکار

ہیری بروک نے 87 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی (فوٹو: اے ایف پی)
راولپنڈی ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز کے اختتام پر پاکستان نے 343 رنز کے ہدف کے تعاقب میں دو وکٹوں کے نقصان پر 80 رنز بنائے ہیں۔ 
ٹیسٹ میچ کے آخری دن اب پاکستان کو فتح کے لیے مزید 263 رنز درکار ہیں جبکہ اس کی آٹھ وکٹیں باقی ہیں۔ 
پاکستان اور انگلینڈ کے مابین تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز انگلینڈ نے پاکستان کو جیت کے لیے 343 رنز کا ہدف دیا ہے۔ 
اتوار کو چائے کے وقفے پر انگلینڈ نے اپنی دوسری اننگز 264 رنز پر ڈکلیئر کر دی تھی جب کہ اس کی تین وکٹیں ابھی باقی تھیں، اس طرح انگلینڈ کو مجموعی طور 342 رنز کی برتری حاصل ہو گئی تھی۔
343 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز اچھا نہیں رہا۔ عبداللہ شفیق چھ رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، انہیں روبنسن کے آؤٹ کیا۔ اسی اوور میں اگلے آنے والے بلے باز اظہر علی ہاتھ پر گیند لگنے سے زخمی ہو گئے اور انہیں میدان چھوڑنا پڑا۔ 
بابر اعظم بھی ناکام رہے اور صرف چار رنز بنا سکے۔ انہیں بین سٹوکس نے آؤٹ کیا۔ 

دوسری اننگز میں بھی انگلینڈ نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا (فوٹو: اے ایف پی)

انگلینڈ کی دوسری اننگز میں بھی جارحانہ بیٹنگ

انگلینڈ کی دوسری اننگز میں ہیری بروک 87 اور جیک کرالی 50 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ، محمد علی اور زاہد محمود نے دو دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایک وکٹ سلمان آغا کو ملی۔ 
دوسری اننگز کے آغاز میں انگلینڈ کو پہلا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب نسیم شاہ نے بین ڈکٹ کو صفر پر آؤٹ کر دیا۔ انگلینڈ کی دوسری وکٹ 36 کے مجموعی سکور پر گری جب محمد علی نے اولی پوپ کو پویلین کی راہ دکھائی، انہوں نے 15 رنز بنائے۔ 
پہلی اننگز میں سینچری بنانے والے زیک کرالی نے دوسری اننگز میں بھی عمدہ بیٹنگ کی اور 50 رنز بنا کر محمد علی کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔ 
جو روٹ نے 73 رنز کی تیز رفتار اننگز کھیلی اور زاہد محمود کی وکٹ بنے۔ اسی اوور میں زاہد محمود نے بین سٹوکس کو صفر پر آؤٹ کیا۔ 
ہیری بروک نے 87 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، نسیم شاہ نے انہیں بولڈ کیا۔ 

بابر اعظم نے 136 رنز کی اننگز کھیلی (فوٹو: اے ایف پی)

پاکستان کی پہلی اننگز

اس سے قبل پاکستانی کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 579 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔ 
راولپنڈی میں کھیلے جا رہے پانچ روزہ میچ  کے چوتھے روز پاکستان نے سات وکٹوں کے نقصان پر 499 رنز کے ساتھ اپنی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا اور اس کی پوری ٹیم 579 رنز بنا سکی۔ 
اس طرح انگلینڈ کو پہلی اننگز میں 78 رنز کی برتری حاصل ہوگئی تھی۔ 
پاکستان کی جانب سے تین سینچریاں سکور کی گئیں، بابر اعظم 136، امام الحق 121 اور عبداللہ شفیق 114 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ اپنا پہلا میچ کھیلنے والے سلمان آغا نے بھی نصف سینچری بناتے ہوئے 53 رنز کی اننگز کھیلی۔ 
انگلینڈ کی جانب سے اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے ول جیکس کامیاب ترین بولر رہے اور انہوں نے چھ وکٹیں حاصل کیں۔ جیل لیچ نے دو جبکہ اولی روبنسن اور جیمز اینڈرسن کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔ 

اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے ول جیکس نے چھ وکٹیں حاصل کیں (فوٹو: اے ایف پی)

اس سے قبل انگلینڈ کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 657 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی ہے، انگلینڈ کی اننگز میں چار سینچریاں شامل ہیں۔ بین ڈکٹ، زیک کرالی، اولی پوپ اور ہیری بروک نے سینچری سکور کی تھی۔ 
اب تک اس میچ میں سات سینچریاں سکور ہو چکی ہیں۔ 
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ فاسٹ بولر حارث رؤف دوسری اننگز میں بولنگ کے دستیاب نہیں ہوں گے، وہ پہلی اننگز میں فیلڈنگ کے دوران انجرڈ ہو گئے تھے۔ 

شیئر: