Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ایکسپو حج 2023 ‘ اگلے ماہ جدہ میں ہو گی

حج کوفراہم کی جانے والی خدمات کے حوالے سے تجاویزپرغور کیاجائےگا(فوٹو، ٹوئٹر
سعودی وزارت حج وعمرہ کی جانب سے اگلے سال کے پہلے ماہ جنوری  میں ’ایکسپوحج 2023 ‘ کے عنوان سے کانفرنس اور نمائش کا انعقاد کیا جائے گا۔
اخبار 24 کے مطابق حج کانفرنس جدہ میں منعقد کی جائے گی، جس میں عازمین حج کی آمد کے حوالے سے مختلف مراحل کو متعارف کرایا جائے گا۔
حج کانفرنس میں فیصلہ ساز ادارے منفرد افکار کے حامل سرمایہ کار اورسکالرز شرکت کریں گے ۔ شرکا حج و عمرہ کے سفری مراحل کو مزید آسان بنانے کے لیے اپنی تجاویز پیش کریں گے۔
اس موقع پرمقدس شہروں میں دینی اور تاریخی مقامات پر زائرین کو لے جانے کے لیے فراہم کی جانے والی سہولتوں پرغور کیا جائے گا۔
ایکسپو حج میں عمرہ اور حج کے حوالے سے فراہم کی جانے والی خدمات کا معیار بلند کرنے کے لیے متعدد پروگرام اورتجاویز سامنے لائی جائیں گی۔
کانفرنس میں ورکشاپس بھی منعقد کی جائیں گی، جن میں وزارت حج وعمرہ کی ان سرگرمیوں پر بحث کی جائے گی جو زائرین کے لیے انجام دی جا رہی ہیں۔

 ایکسپو حج میں شرکت کے خواہش مند ادارے اورافراد وزارت کی ویب سائٹ پر پورٹل کے ذریعے اندراج کروا سکتے ہیں (فوٹو: ٹوئٹر)

حج کانفرنس میں متعدد پروگرام منعقد ہوں گے جن میں اسلامی امور و اوقاف و حج کے وزرا مملکت میں متعین سفارت کار اورسرکاری و نجی شعبوں کے اداروں کے حکام شرکت کریں گے۔
وزارت حج و عمرہ  کی جانب سے کہا گیا ہے کہ جو ادارے یا افراد کانفرنس میں شرکت کرنے کے خواہاں ہوں وہ اپنے ناموں کا اندارج وزارت کی ویب سائٹ پرموجود پورٹل کے ذریعے کروا لیں۔

شیئر: