Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بشرٰی بی بی کی ایک اور مبینہ آڈیو لیک، فواد چودھری کی تردید

آڈیو میں مبینہ طور بشریٰ بی بی بنی گالہ کے ملازم سے فون پر بات کر رہی ہیں (فائل فوٹو، پی ٹی آئی سوشل میڈیا)
سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کی اہلیہ بشرٰی بی بی کی ایک اور مبینہ آڈیو سامنے آئی ہے جس میں وہ ایک ملازم سے توشہ خانہ کے سامان کے حوالے سے بات کر رہی ہیں اور آنے والے سامان کی تصویریں کھینچنے پر برہم ہو رہی ہیں۔
آڈیو میں بشرٰی بی بی مبینہ طور پر بنی گالہ ہاؤس کے ملازم سے فون پر بات کر رہی ہیں۔
تاہم پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے آڈیو کو غیر مستند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملازمین کے ساتھ ہونے والی گفتگو کا کوئی سر ہے نا پیر، مختلف آڈیوز کو جوڑا گیا ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں فواد چودھری کا کہنا تھا کہ سب سے پہلے ثاقب نثار کی آڈیو آئی تھی، آڈیوزکوئی مستند نہیں ہیں، جتنی آڈیوزاس وقت آرہی ہیں سب کو کٹ پیسٹ کر کے جوڑا گیا۔
آڈیو میں بشرٰی بی بی ملازم سے پوچھتی ہیں کہ ’آپ نے اظفر کو توشہ خانہ کی آنے والی چیزوں کی تصویریں کھینچنے کا کہا تھا؟‘ جس پر وہ انکار کرتے ہیں۔
دوسری جانب عمران خان کے قریبی ساتھی زلفی بخاری نے آڈیو لیک کے حوالے سے ٹوئٹر پر لکھا کہ ’گھر کے ذاتی امور اورسیکورٹی کےحوالے سے ملازمین کو ہدایات دینا عمران خان کی اہلیہ کا حق ہے۔ خواتین کو اٹیک کرنا ن لیگ کا وطیرہ ہے مگر یہاں سوال یہ ہے وزیراعظم کی سکیور لائن کو ٹیپ کون کررہاتھا اوراب وہ کون ہےجو اپنے مقصد کے لیےان آڈیوز کو لیک کررہا ہے؟‘
بشرٰی بی بی کہتی ہیں ’کیوں کھینچی تھیں تصوہریں، گھر کے اندر جو چیزیں آتی ہیں ان کی تو تصویر نہیں کھینچتے، جو باہر جاتی ہیں ان کی تصویریں کھینچنی چاہییں۔‘
’جو چیزیں میرے پاس آرہی ہیں ان کی کیوں تصویریں کھینچی جا رہی ہیں۔‘
جس پر ملازم کہتے ہیں کہ ’میں نے نہیں کہا کھینچنے کو، جس کے بعد بشرٰی بی بی کہتی ہیں کہ ’اس نے کہا ہے کہ انعام کے کہنے پر تصویریں کھینچ کر بھیجی ہیں۔‘
پھر انکار پر وہ اظفر کو آواز دیتی ہیں اور لائن پر رہتے ہوئے پوچھتی ہیں کہ ’آپ نے انعام کو تصویریں بھیجی ہیں؟‘
اور پھر کہتی ہیں  کہ ’وہ کہہ رہے ہیں کہ مجھے نہیں بھیجیں۔‘
اس کے ساتھ ہی انعام فوری طور پر کہتے ہیں کہ ’بھیجی تو ہیں لیکن میں نے نہیں کہا۔‘
اس دوران وہ اظفر سے ساتھ بات کرتے ہوئے کہتی ہیں ’گھر کے اندر جو چیز آتی ہے، اس کی تصویر کون کھینچتا ہے؟‘
جس پر کہا جاتا ہے کہ ’پروف کے لیے‘ بشرٰی بی بی کہتی ہیں ’آپ کو کیا ضرورت ہے پروف کی، آپ نے مجھ سے پوچھا ہے؟‘
جس پر سوری کہا جاتا ہے اور بشرٰی بی بی کہتی ہیں ’آپ نے تماشا بنایا ہوا ہے اس گھر کو‘
’وہ ایم ایس ہم پر ٹرسٹ کر کے بھیج رہا ہے، اس نے تصویریں نہیں کھینچیں، آپ کون ہوتے ہیں تصویریں کھینچنے والے۔‘
اس کے بعد بشرٰی بی بی انعام خان کو آئندہ گھر میں داخل ہونے سے منع کر دیتی ہیں۔

شیئر: