Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے فائنل میں پہنچ سکتا ہے؟

پاکستان کرکٹ ٹیم 38.89 فیصد پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر ساتویں نمبر پر ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ ٹیم اپنی سرزمین پر انگلینڈ سے تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں شکست کے بعد ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کی پوائنٹس ٹیبل پر ساتویں نمبر پر آگئی ہے۔
انگلینڈ سے اپنی ہی سرزمین پر ’وائٹ واش‘ کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے فائنل تک رسائی انتہائی مشکل ہوگئی ہے لیکن ایسا ہونا بالکل نا ممکن نہیں۔
ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا فائنل 2023 میں ان دو ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا جو پوائنٹس ٹیبل پر پہلے اور دوسرے نمبر پر ہوں گے اور اس ریٹنگ کا دارومدار پوائنٹس کی پرسنٹیج پر ہے۔
اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر آسٹریلیا کی ٹیم 76.92 فیصد پوائنٹس کے ساتھ پہلے اور انڈیا کی ٹیم 55.77 فیصد پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ جنوبی افریقہ اور سری لنکا کی ٹیمیں بھی 54.55 اور 53.33 فیصد پوائنٹس کے ساتھ تیسرے اور چوتھے نمبر پر ہیں۔
پاکستان کرکٹ ٹیم 38.89 فیصد پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہے۔

پاکستان کیسے ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے فائنل تک پہنچ سکتا ہے؟

نیوزی لینڈ کی ٹیم رواں ہفتے دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلنے پاکستان آ رہی ہے۔ دونوں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں 26 دسمبر سے 30 دسمبر تک کھیلا جائے گا۔
نیوزی لینڈ اور پاکستان کے درمیان دوسرا ٹیسٹ 2 جنوری سے ملتان سٹیڈیم میں شروع ہوگا۔

انگلینڈ نے پاکستان کو ٹیسٹ سیریز میں ’وائٹ واش‘ شکست دی ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے فائنل تک رسائی حاصل کرنے کے لیے سب سے پہلے پاکستان کو نیوزی لینڈ کو دونوں ٹیسٹ میچوں میں شکست دینی ہوگی جس کے بعد گرین شرٹس کے پوائنٹس 47.62 فیصد پر پہنچ جائیں گے۔
اس کے بعد آسٹریلیا کی ٹیم اگر جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیتتی ہے اور اس کے بعد انڈیا کو بھی ٹیسٹ سیریز میں شکست دیتی ہے تو پاکستان کے لیے فائنل تک رسائی کے امکانات مزید روشن ہوجائیں گے۔
بنگلہ دیش اور انڈیا کے درمیان 22 دسمبر سے میرپور میں شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ میں اگر بنگلہ دیش جیت جاتا ہے تو پاکستان کا راستہ مزید آسان ہوجائے گا۔
اس کے بعد پاکستان کو انتظار کرنا ہوگا کہ نیوزی لینڈ اگلی سیریز میں سری لنکا کو شکست دے اور ویسٹ انڈیز کم سے کم ایک ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ کو ہرا دے۔

شیئر: