Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بیٹرز کے لیے قبرستان، آئی سی سی نے گابا سٹیڈیم کو ڈی میرٹ پوائنٹ دے دیا

رِچی رچرڈسن نے کہا کہ ’مجموعی طور پر گابا کی پِچ پر ضرورت سے زیادہ باؤنس اور سِیم تھی‘ (فائل فوٹو: اے پی)
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان برسبین کے گابا سٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ کی پِچ کو اوسط درجے سے نیچے کا قرار دے دیا۔
آئی سی سی نے گابا کی پِچ کو ضرورت سے زیادہ باؤنس اور سِیم کے باعث اوسط درجے سے نیچے کا قرار دیتے ہوئے ایک ڈی میرٹ پوائنٹ دے دیا ہے۔
کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق میچ ریفری رِچی رچرڈسن نے گابا کی پِچ کو بیٹرز کے لیے ناسازگار قرار دیتے ہوئے ڈی میرٹ پوائنٹ دیا۔
میچ ریفری رِچی رچرڈسن نے کہا کہ ’مجموعی طور پر گابا کی پِچ اس ٹیسٹ میچ میں بولرز کے لیے سازگار تھی، پِچ پر ضرورت سے زیادہ باؤنس اور سِیم تھی۔‘
رِچی چرڈسن نے مزید کہا کہ ’میں نے آئی سی سی کی ہدایات کے بعد اس پِچ کو اوسط درجے سے نیچے کا قرار دیا ہے، کیونکہ اس میں گیند اور بَلے کا کوئی مقابلہ ہی نہیں ہو رہا تھا۔‘
آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ دوسرے دن ہی ختم ہوگیا تھا۔
 پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے گابا سٹیڈیم میں گھاس والی پچ بنائی گئی تھی جس کے بعد میچ کے پہلے دو روز میں ہی 34 وکٹیں گر گئی تھیں جس پر کرکٹ حلقوں کی جانب سے شدید تشویش کا اظہار کیا گیا تھا۔
میچ میں جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 152 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں آسٹریلیا نے 218 رنز کیے تھے۔
جنوبی افریقہ کی ٹیم دوسری اننگز میں 99 پر آؤٹ ہوگئی تھی تاہم آسٹریلوی بھی 34 رنز کا ہدف حاصل کرتے ہوئے 4 وکٹیں گنوا بیٹھی تھی۔
آئی سی سی کی جانب سے کسی بھی پچ کو ملنے والا ڈی میرٹ پوائنٹ پانچ سال کے لیے کارآمد ہوتا ہے اور اگر پچ کو پانچ ڈی میرٹ پوائنٹس مل جائیں تو اس سٹیڈیم پر انٹرنیشنل میچز کروانے کے لیے ایک سال کی پابندی لگ جاتی ہے۔
آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ 26 دسمبر سے میلبرن میں کھیلا جائے گا۔
خیال رہے کہ اس سے پہلے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان رواں سال راولپنڈی میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ کے بعد آئی سی سی نے پنڈی کرکٹ سٹیڈیم کی پچ کو ڈی میرٹ پوائنٹ دیا تھا۔
 اس کے بعد رواں ماہ ایک مرتبہ پھر پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان راولپنڈی میں ہی کھیلے گئے ٹیسٹ میچ کی پچ کو آئی سی سی نے دوسرا ڈی میرٹ پوائنٹ دیا تھا۔

شیئر: