Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مختلف جرائم میں ملوث انڈیا کا ’میسی گینگ‘ گرفتار

پولیس حکام کے مطابق میسی گینگ کا سرغنہ فٹ بالر ہے (فوٹو: زی نیوز)
انڈیا کے دارالحکومت نئی دہلی میں کئی جرائم میں مطلوب ’میسی گینگ‘ نامی مقامی چور گینگ کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔
انڈین میڈیا کے مطابق یہ گینگ کئی وارداتوں میں مطلوب تھا اور اس کا سرغنہ 43 سالہ شخص ہے جو  ارجنٹائن کے سپرسٹار فٹبالر لیونل میسی سے متاثر تھا اور خود بھی فٹ بال کھیلا کرتا تھا۔
پولیس کے مطابق میسی گینگ کو پکڑنے کے بعد جنوبی دہلی کے کئی علاقوں میں پیش آنے والی 55 وارداتوں کے کیس سلجھ گئے ہیں۔
میسی گینگ زیادہ تر جیب کترنے کی وارداتیں کرتا تھا اور گینگ کے ارکان سے 56 موبائل فون برآمد ہوئے ہیں۔
میسی گینگ کے سرغنہ کا نام پِنکو میسی عرف عَنی میسی ہے جبکہ دیگر شریک ملزمان کے نام اجے کمار، پَمی عرف اجے اور فیروز خان ہیں۔
جنوبی دہلی پولیس کے ڈپٹی کمشنر چندن چودھری کے مطابق ’پولیس کو ایک مشکوک رکشے پر شک ہوا جسے روکا گیا اور پھر ان میں سوار افراد کی تلاشی لی گئی جن سے 11 کے قریب موبائل فونز برآمد ہوئے، جب ان سے موبائل فونز کے بارے میں پوچھا گیا تو وہ کوئی قابلِ بھروسہ جواب نہ دے سکے۔‘
پولیس کے مطابق میسی گینگ گزشتہ چار پانچ سالوں سے وارداتیں کر رہا تھا، یہ زیادہ تر ہجوم والی جگہوں سے موبائل فونز اور دیگر قیمتی اشیا چراتے تھے اور رکشے میں بیٹھ کر رفو چکر ہوجاتے تھے۔
پولیس حکام کے مطابق میسی گینگ کا سرغنہ قتل سمیت دیگر کئی وارداتوں میں ملوث رہ چکا ہے۔

شیئر: