Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تونیشا شرما اور شیزان کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا تھا: پولیس

تونیشا شرما کی والدہ نے شیزان خان پر الزام لگایا گیا ہے کہ شیزان تونیشا کو دھوکہ دے  رہا تھا۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
انڈین اداکارہ تونیشا شرما کی مبینہ خود کشی کے کیس میں مزید پیش رفت سامنے آنے کا سلسلہ جاری ہے۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق پولیس نے عدالت کو بتایا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا گیا کہ موت سے پہلے تونیشا شرما اور ان کے سابق بوائے فرینڈ شیزان خان کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔
پولیس نے دونوں کے درمیان ہونے والے جھگڑے کی سی سی ٹی وی فوٹیج قبضے میں لے لی ہے۔
تونیشا شرما کی مبینہ خود کشی کے بعد شیزان خان کو پولیس نے خود کشی پر اکسانے کے الزام میں گرفتار کیا جس کے بعد انہیں بدھ کے روز عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔
پولیس نے عدالت میں بتایا تھا کہ تونیشا شرما اور شیزان خان کے درمیان 15 منٹ کی گفتگو ہوئی تھی جو کہ تونیشا کی خود کشی کا باعث بنی جس کے بعد عدالت نے شیزان خان کو سنیچر تک پولیس کی تحویل میں دے دیا۔
اس سے پہلے تونیشا شرما کے گھر والوں کی جانب سے بھی پولیس سے قتل کی تحقیقات کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔
پولیس نے تونیشا کے دوستوں اور شیزان کے رشتے داروں کے علاوہ ٹی وی شو علی بابا داستانِ کابل کے پروڈکشن مینیجر کو بھی شامل تفتیش کر لیا ہے۔
میڈیا کے مطابق اس واقعے سے کچھ ہفتوں پہلے تونیشا شرما اور شیزان خان کے درمیان  بریک اپ ہو گیا تھا۔
تونیشا شرما کی والدہ کی جانب سے شیزان خان پر یہ الزام لگایا گیا ہے کہ شیزان تونیشا کو دھوکہ دے  رہا تھا۔
انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ شیزان نشے میں ملوث تھا اور اس نے تونیشا کو زبردستی اسلام قبول کرنے کا بھی کہا۔
دوسری جانب شیزان خان کی بہن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’میں جلد پریس کانفرنس کے ذریعے تونیشا کی والدہ کے الزامات کا جواب دوں گی، ابھی ہماری پہلی ترجیح ہمارا بھائی ہے جو پولیس کی تحویل میں ہے۔‘
خیال رہے 24 دسمبر کو تونیشا شرما نے نجی ٹی وی چینل کے شو ’علی بابا داستانِ کابل‘ کے سیٹ پر مبینہ طور پر خود کشی کرلی تھی۔

شیئر: