سیلابی ریلے میں گاڑی پھنس گئی، دو افراد کو بچا لیا گیا
شہری دفاع کے یونٹ نے پھنسے ہوئے افراد کو ریسکیوکرلیا۔ (فوٹو عاجل)
سعودی عرب میں ان دنوں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ بعض مقامات پر طوفانی بارش کے بعد سیلابی ریلے میں لوگوں کے پھنس جانے کے بھی متعدد واقعات رونما ہورہے ہیں۔
شہری دفاع کا کہنا ہے کہ ’اضم کمشنری کی وادی کساب میں سیلابی ریلے میں پھنسے دو افراد کوامدادی ٹیموں نے بحفاظت نکال لیا‘۔
عاجل نیوز کے مطابق سنیچر کوشہری دفاع کے کنٹرول یونٹ کو اطلاع ملی کہ وادی کساب میں سیلابی ریلے میں ایک گاڑی پھنسی ہوئی ہے جس میں دوافراد موجود ہیں۔
اطلاع ملتے ہی کنٹرول روم نے وادی کی قریب ہی موجود امدادی اہلکاروں کو مطلع کیا جوفوری طورپرلوکیشن پر پہنچ گئے۔ شہری دفاع کے یونٹ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے سیلابی ریلے میں پھنسے افراد کو ریسکیوکرلیا۔
شہری دفاع نے پھرکہا ہے کہ ’بارش کے دوران پانی کی گزرگاہوں کے قریب جانے سے اجتناب برتیں اورخطرے والے مقامات پرقیام نہ کریں‘۔
’موسم کے حوالے سے جاری انتباہی پیغامات کا جائزہ لیتے رہیں اورجاری ہدایات پرسختی سے عمل کریں‘۔