Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈین کرکٹرز کی فٹنس چیک کرنے کے لیے استعمال ہونے والا ’ڈیکسا سکین‘ کیا ہے؟

ٹیم میں کھیلنے کے لیے کھلاڑیوں کو ’ڈیکسا سکین‘ اور یویو ٹیسٹ پاس کرنا ہوگا۔ (فائل فوٹو: روئٹرز)
انڈین کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے رواں سال انڈیا میں ہونے والے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لیے کھلاڑیوں کی فٹنس کو مدنظر رکھتے ہوئے نئی پالیسیاں بنائی ہیں۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق اتوار کے روز ممبئی میں بی سی سی آئی کے حکام کے ایک اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ ورلڈ کپ میں سلیکشن کے لیے انڈین کرکٹرز کو ’ڈیکسا سکین‘ نامی ایک نئے ٹیسٹ سے گزرنا ہو گا۔
میٹنگ میں بی سی سی آئی کے صدر روجر بِنی، سیکریٹری جے شاہ، کپتان روہت شرما اور کوچ راہول ڈراوڈ نے شرکت جس کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ کھلاڑیوں کی فٹنس جانچنے کے لیے آئندہ ’یو یو ٹیسٹ‘ کے ساتھ ساتھ ’ڈیکسا سکین‘ کا بھی سہارا لیا جائے گا۔
بی سی سی آئی نے پریس ریلیز میں کہا کہ ’یو یو ٹیسٹ اور ڈیکسا اب سلیکشن کے لیے معیار ہوگا اور جن کھلاڑیوں کو سینڑل کنٹریکٹ میں شامل کیا گیا ہے انہیں اسے پاس کرنا ہوگا۔
ڈیکسا سکین بنیادی طور پر فٹنس جانچنے کا ٹیسٹ ہے جس کے ذریعے جسم کی چربی، پٹھوں کی کمزوری، پانی کی مقدار اور جسم میں موجود ہڈیوں کی مضبوطی یا کمزوری کا جائزہ لیا جاتا ہے۔
بی سی سی آئی کے مطابق اس ہائی پروفائل میٹنگ میں کھلاڑیوں کی دستیابی کے مسئلے، ورک لوڈ اور فٹنس کے معیار پر بات کی گئی جو کہ 2023 کے ورلڈ کپ کی تیاریوں کا حصہ ہیں۔

شیئر: