Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دوسرا ٹیسٹ: کیویز کا خسارہ ختم کرنے کے لیے پاکستان کو مزید 42 رنز درکار

سرفراز احمد نے 78 رنز کی اننگز کھیلی (فوٹو: اے ایف پی)
نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز کے کھیل کے اختتام پر پاکستان نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 407 رنز بنا لیے ہیں۔
پاکستان کی جانب سے سعود شکیل 124 اور ابرار احمد بغیر کوئی رن بنائے وکٹ پر موجود ہیں۔
دن کے آخری سیشن میں پاکستانی بیٹرز کی جانب سے سُست بیٹنگ دیکھنے کو ملی جس کے بعد کیویز کا خسارہ ختم کرنے کے لیے پاکستان کو مزید 42 رنز درکار ہیں۔
بدھ کو کراچی میں کھیلے جانے والے میچ کے تیسرے روز کے کھیل کا آغاز پاکستان نے 154 رنز سے اننگز کیا اور ناٹ آؤٹ رہنے والے امام الحق اور سعود شکیل بیٹنگ کرنے آئے تاہم امام الحق 83 رنز پر آؤٹ ہو گئے۔
پانچویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی سرفراز احمد تھے انہوں نے 78 رنز بنائے۔ آغا سلمان نے 41 رنز کی اننگز کھیلی اور اعجاز پٹیل کے گیند پر سلپ میں کیچ آؤٹ ہوئے۔ 
اس کے بعد حسن علی بھی صرف چار رنز بنا کر اعجاز پٹیل کی دوسری وکٹ بنے۔ 
نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے دن کا کھیل کے خاتمے کے وقت پاکستان نے تین وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز بنا رکھے تھے اور امام الحق 74 اور سعود شکیل 13 رنز بنا کر ناٹ رہے تھے۔
پہلی اننگز میں کپتان بابر اعظم 24، عبداللہ شفیق 19 اور شان مسعود 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور پاکستان کا ٹاپ آرڈر ایک مرتبہ پھر لڑکھڑاتا دکھائی دیا۔
پہلی وکٹ 27 رنز پر اس وقت گری جب عبداللہ شفیق ہٹ لگانے کی کوشش میں غیر ذمہ دارانہ شاٹ کھیل کر کیچ دے بیٹھے تھے۔
اس کے بعد شان مسعود نے آتے ساتھ ہی جارحانہ کھیلنے کی کوشش کی اور کیوی سپنر اعجاز پٹیل کو ایک اوور میں تین چوکے مارے لیکن اوور کی آخری گیند پر وہ بھی آؤٹ ہو گئے۔
دو وکٹیں گرنے کے بعد کپتان بابر اعظم اور امام الحق نے 43 رنز کی شراکت قائم کی۔
تاہم دونوں بلے باز رن لیتے وقت الجھن کا شکار ہو گئے اور بابر اعظم رن آؤٹ ہو گئے، اس کے بعد پاکستانی بیٹنگ سست روی کا شکار ہو گئی تھی۔
نیوزی لینڈ کی پہلی اننگز
منگل کو نیوزی لینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں 449 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔ اس کی جانب سے ڈیون کانوے 122،  ٹام لیتھم 71 اور میٹ ہنری 68 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ پاکستان کی طرف سے ابرار احمد نے چار اور نسیم شاہ اور آغا سلمان نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔
نیوزی لینڈ کی اننگز کی خاص بات میٹ ہنری اور اعجاز پٹیل کی 10 ویں وکٹ کے لیے 104 رنز کی شراکت داری رہی۔
خیال رہے اس سے  قبل کراچی میں ہی کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا تھا۔

شیئر: