نیشنل سینٹر آف میٹرولوجی نے ویڈیوز میں پانی میں ڈوبی ہوئی سڑکیں دکھائی ہیں۔ فوٹو عرب نیوز
متحدہ عرب امارات میں کئی دنوں کی شدید بارش نے ریاست کے کچھ حصوں میں سیلابی صورتحال پیدا کر دی ہے جو کہ سڑکوں پر نکلنے والوں کے لیے حفاظتی انتباہ کا باعث بن گئی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات کے محکمہ موسمیات نے رہائشیوں کو خبردار کیا ہے کہ بدھ تک پورے علاقے میں موسم غیر مستحکم رہے گا۔
سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیوز میں گاڑیوں کو پانی میں ڈوبی ہوئی سڑکوں پر سے گزرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
راس الخیمہ پولیس کے محکمہ ٹریفک اور پیٹرولنگ کے ڈائریکٹر بریگیڈیئر احمد النقبی نے ہفتے کو تمام موٹرسائیکل سواروں پر زور دیا کہ وہ محفوظ رائیڈ کریں اور ٹریفک قوانین پر مکمل عمل کریں۔
متحدہ عرب امارات کے نیشنل سینٹر آف میٹرولوجی نے شیئر کی گئی ویڈیوز میں پانی میں ڈوبی ہوئی سڑکیں دکھائی ہیں اور دکھایا گیا ہے کہ خشک زمین علاقے میں پانی ندیوں کی صورت میں تیزی سے بہہ رہا ہے۔
واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات کی وزارت داخلہ نے موسم کے لحاظ سے 6 جنوری کو انتباہ جاری کیا تھا، جس میں مقامی افراد اور مقیم غیر ملکیوں سے کہا گیا ہے کہ وہ ڈرائیونگ کے دوران مکمل احتیاط برتیں اور وادیوں اور ان علاقوں سے گریز کریں جہاں پانی کا بہاؤ انتہائی تیز ہونے کا خدشہ ہے۔