راس الخیمہ میں 103 کلو گرام حشش سمگل کرنے کی کوشش ناکام
راس الخیمہ کے ساحل کے راستے حشیش سمگل کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی( فوٹو امارات الیوم)
متحدہ عرب امارات راس الخیمہ میں انسداد منشیات ادارے نے کوسٹ گارڈز کے تعاون سے 103 کلو گرام حشیش سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنائی ہے۔
الامارات الیوم کے مطابق منشیات ماہی گیروں کی کشتی کے ذریعے سمگل کرنے کی کوشش کی جارہی تھی۔ اس میں ملوث کئی سمگلروں کو گرفتارکیا گیا ہے۔
راس الخیمہ پولیس کے کمانڈر جنرل میجر جنرل علی النعیمی نے بتایا کہ’ انسداد منشیات کے ادارے کو رپورٹ ملی تھی کہ ایک گروہ راس الخیمہ کے ساحلوں کے راستے حشیش سمگل کرنے کی کوشش کررہا ہے‘۔
اطلاع ملنے پرفوری طور پر کوسٹ گارڈز کے تعاون سے ٹیم تشکیل دے کر صورتحال کا جائزہ لینے کا ٹاسک دیا گیا۔
تفتیشی ٹیم نے ایک ساحل کا رخ کرنے والی ماہی گیروں کی کشتی کی چیکنگ کی تو اس سے 103 کلو گرام حشیش برآمد ہوئی۔
بیان میں کہا گیا کہ ’کیس متعلقہ اداروں کے حوالے کردیا گیا۔ قانونی کارروائی کی جارہی ہے۔‘