Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بنگلہ دیش پریمیئر لیگ: دو پاکستانی کھلاڑیوں کی ایک ہی میچ میں سینچریاں

عثمان خان نے 58 گیندوں پر ہی 103 رنز سکور کیے۔ (فوٹو: بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ)
بنگلہ دیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) میں کھیلنے جانے والے ایک میچ میں دو مختلف ٹیموں کی نمائندگی کرنے والے دو پاکستانی کھلاڑیوں نے ایک ہی دن سینچریاں سکور کر کے کرکٹ فینز کو حیرت میں مبتلا کر دیا۔
پیر کی رات کو ایک میچ میں کھلنا ٹائیگرز کی جانب سے اعظم خان نے جبکہ عثمان خان نے چٹوگرام چیلنجرز کی نمائندگی کرتے ہوئے سینچریاں سکور کیں۔
اعظم خان 58 گیندوں پر 109 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے اور اپنی ٹیم کو مقررہ 20 اوورز میں 178 رنز کے مجموعی سکور پر پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
دوسری جانب چٹوگرام چیلنجرز کی جانب سے اوپننگ کرنے والے پاکستانی بیٹر عثمان خان نے 58 ہی گیندوں پر 103 رنز سکور کیے اور 19.2 اوورز میں اپنی ٹیم کو میچ جتوا دیا۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں عثمان خان کوئٹہ گلیڈی ایٹرز جبکہ اعظم خان بھی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ دونوں کی نمائندگی کر چکے ہیں۔
اعظم خان تین انٹرنیشنل ٹی20 میچوں میں پاکستان کے لیے بھی کھیل چکے ہیں۔
پاکستانی فاسٹ بولر وہاب ریاض نے اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا کہ انہیں اعظم خان کو کیریئر کی پہلی سینچری سکور کرتے ہوئے دیکھ کر اچھا لگا۔
اسی ٹویٹ میں انہوں نے عثمان خان کی بھی تعریف کی اور اسے پاکستان کے لیے اچھی نشانی قرار دیا۔
فرید خان نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’عثمان خان کو پاکستان سپر لیگ، ٹی10 لیگ اور بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کھیلنے کا تجربہ ہے۔ ان کو پاکستان کی ڈومیسٹک کرکٹ میں مواقعے نہ ملنا غلط بات ہے۔‘
احمد شہزاد بی پی ایل میں سینچری سکور کرنے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی تھے جنہوں نے 2012 میں 49 گیندوں پر 113 رنز بنائے تھے۔

شیئر: