Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ٹی آئی کا اجلاس، وزیراعظم کے خلاف اعتماد کے ووٹ کی کارروائی کی منظوری

عمران خان اتوار کو چوہدری پرویزالہی سے ملاقات کریں گے (فائل فوٹو: پی ٹی آئی ٹوئٹر)
پاکستان تحریک انصاف کی قیادت نے وزیراعظم شہباز شریف کے خلاف اعتماد کے ووٹ کی کارروائی کی منظوری دے دی ہے۔
سنیچر کی شام زمان پارک لاہور میں منعقد ہونے والے اجلاس میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کو اس ضمن میں ضروری اقدامات کی ہدایت کی۔
پی ٹی آئی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ’پنجاب میں نگراں حکومت کے حوالے سے عمران خان اتوار کو قائم مقام وزیراعلٰی چوہدری پرویزالہی سے ملاقات کریں گے۔‘
’عمران خان مشاورت کے بعد پرویز الٰہی کو نگراں سیٹ اپ کے لیے نام دیں گے۔‘
بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ ’عمران خان نے عام انتخابات کے لیے ٹکٹوں کی تقسیم کا عمل شروع کرنے کی منظوری دیتے ہوئے ڈویژنل سطح پر پارٹی تنظیموں سے مضبوط امیدواروں کے نام مانگ لیے ہیں۔‘
’اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تنظیموں کی سفارشات پارلیمانی بورڈ میں پیش کرکے جلد امیدواروں کے نام فائنل کیے جائیں گے۔‘
خیال رہے کہ وزیراعلٰی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے جمعرات کو اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری پر دستخط کر دیے تھے اور سمری گورنر کو موصول ہو گئی تھی۔
بعد ازاں سنیچر کو گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’میں نے فیصلہ کیا ہے کہ میں اسمبلی کی تحلیل کے عمل کا حصہ نہیں بنوں گا۔‘
’ایسا کرنے سے آئینی عمل میں کسی قسم کی رکاوٹ کا کوئی اندیشہ نہیں کیونکہ آئین اور قانون میں صراحت کے ساتھ تمام معاملات کے آگے بڑھنے کا راستہ موجود ہے۔‘

شیئر: