Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’میرا گانا چُرایا‘، ہُما قریشی کا انوراگ کشپ پر مقدمہ دائر کرنے کا اعلان

انوراگ کشپ نے ہما قریشی کو جواب میں کہا ہے کہ ’میں اس کو کبھی ریلیز ہی نہیں کروں گا‘ (فوٹو: انڈین ایکسپریس)
بالی وُڈ اداکارہ ہما قریشی نے ہدایتکار انوراگ کشپ پر گانا چرانے کا الزام لگایا ہے جس کا جواب انوراگ کشپ نے دلچسپ انداز میں دیا ہے۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق ہما قریشی نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر انوراگ کشپ کی نئی فلم ’آلموسٹ پیار وِد ڈی جے محبت‘ کا کلپ سٹوری پر لگاتے ہوئے کہا کہ ’میں امیت تریودی اور انوراگ کشپ کے خلاف مقدمہ کروں گی کیونکہ انہوں نے میرا گانا چرایا ہے۔‘
اس کے جواب میں انوراگ کشپ انسٹاگرام پر اداکارہ کی سٹوری کا سکرین شاٹ لگاتے ہوئے کہا کہ ’ہاہاہا اور میں اسے کبھی ریلیز نہیں کروں گا۔‘
ہما قریشی اور انوراگ کشپ کے درمیان ان جملوں کا تبادلہ فلم کی تشہیر کے لیے مذاق پر مبنی لگ رہا ہے۔ سنہ 2012 میں ہما قریشی نے انوراگ کشپ کی فلم ’گینگز آف واسع پور‘ سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔
ہما قریشی کی آخری ریلیز ہونے والی فلم ’ڈبل ایکس ایل‘ تھی جو کہ بری طرح فلاپ رہی۔
دوسری جانب انوراگ کشپ کی نئی فلم ’آلموسٹ پیار وِد ڈی جے محبت‘ کا ٹیزر کو 22 دسمبر کو ریلیز کیا گیا تھا۔

ہدایت کار انوراگ کشپ کی فلم ’آلموسٹ پیار وِد ڈی جے محبت‘ تین فروری کو ریلیز ہو رہی ہے (فوٹو: ہندوستان ٹائمز)

فلم میں الایا ایف اور کرن مہتا مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔
فلم کے ٹیزر سے کہانی ایک ریڈیو جاکی (آر جے) اور نوجوان لڑکی کے درمیان محبت کی لگ رہی ہے۔
یہ فلم تین فروری کو سینیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

شیئر: