Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

میں نے لیڈ رول اور سپورٹنگ رول میں کبھی فرق نہیں کیا: جیکی شروف

جیکی شروف رواں سال ’باپ‘ نامی فلم میں میتھون چکرابورتی، سنی دیول اور سنجے دت کے ساتھ نظر آئیں گے۔
بالی وُڈ اداکار جیکی شروف نے کہا ہے کہ انہوں نے کبھی لیڈ رول اور سپورٹنگ رول میں فرق نہیں کیا۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق جیکی شروف نے ایک انٹرویو میں بتایا ہے کہ کیسے فلموں نے ان کے ساتھ تجربات کیے ہیں۔
جیکی شروف سے جب پوچھا گیا کہ وہ آنے والے دنوں میں کس طرح کے رول کرنا چاہتے ہیں تو اس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ’مجھے یقین کریں کچھ نہیں پتا، انڈسٹری نے میرے ساتھ بہت سے تجربات کیے ہیں کیونکہ فلم میکرز کو معلوم ہے کہ میں کسی رول کو ٹھکراتا نہیں ہوں، میں نے لیڈ رول اور سپورٹنگ رول میں کبھی فرق نہیں کیا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’دیوداس کی مثال لے لیں، اس میں شاہ رخ خان نے مرکزی کردار نبھایا تھا لیکن میں نے اس میں چنی لعل کا شاندار کردار کیا تھا، مشن کشمیر میں سنجے دت اور ریتھک روشن دونوں ہیرو تھے لیکن میں ولن تھا جس کے صرف سات سِین تھے۔‘
دیوداس کے چنی لعل مزید کہتے ہیں کہ ’میں ہمیشہ سے تجربات کرتا آیا ہوں، مجھے اس بات نے کبھی پریشان نہیں کیا کہ اگر میں نے کوئی گانا نہیں گایا تو میں ہیرو نہیں ہوں گا، مجھے یہ لگتا ہے کہ اگر میں فلم کا حصہ ہوں تو یہی خاص بات ہے، جیسے آپ کرسی پر بیٹھے ہوں اور آپ اس کی ایک ٹانگ کاٹ دیں تو یہ گر جائے گی، اسی طرح میں وہ اہم چیز بننا چاہتا ہوں۔‘
جیکی شروف آخری مرتبہ کترینہ کیف کی 2022 میں ریلیز ہونے والی فلم ’فون بھوت‘ اور ’لائفز گڈ‘ میں کام کرتے نظر آئے تھے جبکہ انہوں نے فلم ’ملی‘ میں بھی کیمیو رول کیا تھا۔
جیکی شروف رواں سال ’باپ‘ نامی فلم میں میتھون چکرابورتی، سنی دیول اور سنجے دت کے ساتھ نظر آئیں گے۔

شیئر: