Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جب ہدایتکار جھوٹ بولتے ہیں تو شدید دکھ پہنچتا ہے، عامر خان

عامر خان نے کہا تھا کہ رام گوپال ورما فلم ’رنگلیلا‘ کے بعد ان سے حسد کرتے تھے۔ (فوٹو: انڈین ایکسپریس)
بالی وُڈ کے مسٹر پرفیکٹ عامر خان نے اپنے پرانے انٹرویو میں کہا تھا کہ جب ہدایتکار یش چوپڑا اور رام گوپال ورما جھوٹ بولتے ہیں تو انہیں شدید دکھ پہنچتا ہے۔
ہندوستان ٹائمز نے عامر خان کے 1997 میں دیے گئے ایک انٹرویو کا حوالہ دے کر رپورٹ کیا کہ اس انٹرویو میں عامر خان نے انکشاف کیا تھا کہ یش چوپڑا نے ان پر الزام لگایا کہ وہ فلم ڈر سے پہلے یہ جاننا چاہتے تھے کہ وہ سنی دیول کو فلم میں کتنے مکے ماریں گے؟
اس کے علاوہ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ فلم رنگیلا کے ہدایتکار رام گوپال ورما ان سے حسد کرتے تھے جس کے باعث وہ فلم کی کامیابی میں عامر خان کا ذکر نہیں کیا کرتے تھے۔
عامر خان نے 26 سال پہلے کے انٹرویو میں یش چوپڑا سے متعلق کہا تھا کہ وہ ان کی بات نہیں سنتے، وہ سیدھے سیدھے جھوٹ بولتے ہیں اور مجھے شدید دکھ پہنچتا ہے۔
’جب پہلی مرتبہ انہوں (یش چوپڑا) نے مجھے ڈر کی کہانی سنائی تھی تو اس میں کہا تھا میری اور سنی دیول کی لڑائی ہوگی لیکن مجھے قتل جوہی چاؤلہ کریں گی لیکن جب انہوں نے سنی دیول کو کہانی سنائی تو اس میں کہا کہ وہ مجھے ماریں گے جس کے بعد میں نے کہا کہ ہم دونوں کو اکٹھے کہانی سنائی جائے۔‘
عامر خان نے مزید کہا کہ ’مجھے سکرین پر اپنے امیج کے حوالے سے تحفظات تھے۔ میں روایتی کمرشل فلم میں ہیرو سے مار نہیں کھانا چاہتا تھا۔ میں نے جو جیتا وہی سکندر میں دیپک تجوری سے مار کھائی تھی لیکن وہ ایک الگ بات تھی، ایسی فلم میں میں سنی دیول سے مار نہیں کھانا چاہتا بلکہ اگر آرنلڈ شیوازنگر بھی ہوں تو ان سے بھی مار نہیں کھانا چاہتا۔‘
دنگل کے سپرسٹار نے مزید کہا تھا کہ رام گوپال ورما فلم ’رنگلیلا‘ کے بعد ان سے حسد کرتے تھے کیونکہ فلم کی کامیابی میں ہر طرف میرا نام لیا جارہا تھا جس کے بعد وہ فلم کی کامیابی میں میرا ذکر نہیں کرتے تھے۔
خیال رہے 1993 میں ریلیز ہونے والی فلم ’ڈر‘ کے ہدایتکار یش چوپڑا نے پہلے اداکارہ دیویا بھارتی اور عامر خان کو کاسٹ کرنے کا ارادہ کیا تھا تاہم بعد میں اس فلم کے لیے شاہ رخ خان اور جوہی چاؤلہ کو سنی دیول کے ساتھ سائن کیا گیا۔

شیئر: