Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جازان ریجن میں کئی پیشے اور کام سعودیوں کے لیے مختص

فیصلوں پر وزارت داخلہ اور گورنریٹ کے تعاون سے عمل درآمد کرایا جائے گا ( فائل فوٹو: سبق)
سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے جازان ریجن میں  کئی پیشے اور کام سعودیوں کے لیے مختص کیے ہیں۔
عکاظ اخبار کے مطابق وزارت افرادی قوت نے جازان گورنریٹ کے تعاون سے متعدد پیشے اور کاروبار سعودیوں کے لیے مخصوص کیے ہیں۔ وزارت داخلہ اور گورنریٹ کے تعاون سے عمل درآمد کرایا جائے گا۔ 
 فیصلے کے تحت اشتہاری ایجنسیوں کے کام، فوٹو گرافی، کمپیوٹر اور لیپ ٹاپ کی اصلاح و مرمت سے متعلق امور 70 فیصد تک سعودیوں کے لیے خاص کر دیے گئے ہیں۔
علاوہ ازیں شادی گھروں اور تقریبات ہالز میں انچارج اسامیاں اور بکنگ ایجنسیوں کی اسامیاں بھی سعودیوں کے لیے مختص ہیں۔
صفائی کے کارکن اور سامان لادنے اور اتارنے والے مزدور بھی سعودی ہوں گے تاہم ان کی شرح 20 فیصد سے زیادہ نہیں ہو گی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اس پرعمل  درآمد فیصلے کے اجرا کی تاریخ کے چھ ماہ بعد شروع ہو گا۔ 
سعودائزیشن کے فیصلے میں مسافر کشتی چلانے اور اس کی اصلاح و مرمت کرنے والے انجینیئرز کی 50 فیصد اسامیاں مقامی شہریوں کے لیے مختص کی گئی ہیں۔ اسی طرح کشتیوں کی سلامتی کے کام انجام دینے والے ٹیکنیشن، ملاح، اکاؤنٹنٹ، کشتیوں کی نقل و حرکت کے نگراں، ٹکٹ چیکر، معاون اکاؤنٹنٹ وغیرہ کی اسامیاں بھی سعودیوں کے لیے مختص ہیں
بیان میں کہا گیا ہے کہ فیصلوں پر عمل درآمد دو مرحلوں میں ہو گا۔ پہلے مرحلے کا آغاز چھ ماہ بعد ہو گا جبکہ دوسرا مرحلہ فیصلے کی تاریخ کے 12 ماہ بعد لاگو ہو گا۔ 

شیئر: