Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پنجاب کی نگراں کابینہ میں کرکٹر وہاب ریاض سمیت دلچسپ نام

محسن نقوی کا کہنا ہے کہ ’پنجاب کا نگراں سیٹ اپ مکمل طور پر غیرسیاسی اور غیر جانبدار ہے‘ (فوٹو: سکرین گریب)
پاکستان کے صوبہ پنجاب میں نگراں وزیراعلٰی محسن نقوی نے اپنی 11 رکنی کابینہ کا اعلان کر دیا ہے جن میں سے آٹھ وزرا نے جمعرات کو حلف بھی اُٹھا لیا ہے۔ تین وزرا ملک میں نہ ہونے کے سبب حلف نہ اٹھا سکے۔
وزیراعلٰی ہاؤس سے جاری وزرا کی فہرست میں کرکٹر وہاب ریاض بھی شامل ہیں تاہم وہ اس وقت ملک سے باہر ہیں اس لیے وہ حلف نہیں اٹھا سکے۔
پنجاب کی نگراں کابینہ میں وہاب ریاض کے علاوہ صحافی عامر میر بھی شامل ہیں۔ عامر میر معروف اینکرپرسن حامد میر کے بھائی ہیں۔
اس طرح دیگر وزرا میں یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر ڈاکٹر جاوید اکرم بھی ہیں۔ ڈاکٹر جاوید اکرم ڈینگی اور کورونا کی روک تھام کے لیے بنائے گئے کمیشنز کا بھی حصہ رہے ہیں اور ایک جانی پہچانی شخصیت ہیں۔
کابینہ میں ایک خاتون وزیر تمکنت کریم کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ تمکنت نجم سیٹھی کے پروگرام کی پروڈیوسر رہی ہیں اور آج کل اپنا ایک یوٹیوب چینل چلاتی ہیں۔ سابق بیوروکریٹ نسیم صادق کو بھی پنجاب کی نگراں کابینہ میں شامل کیا گیا ہے۔
نجی تعلیمی ادارے یو ایم ٹی کے صدر ابراہیم مراد نے بھی وزیر کے طور پر حلف اٹھایا ہے۔ اسی طرح دنیا میڈیا گروپ کے چیف ایگزیکٹیو میاں عامر محمود کے پنجاب گروپ آف کالجز میں بزنس پارٹنر بلال افضل کو بھی نگراں وزیر بنایا گیا ہے۔

وزرا کی فہرست میں کرکٹر وہاب ریاض بھی شامل ہیں تاہم وہ بیرون ملک ہونے کی وجہ سے حلف نہیں اٹھا سکے (فائل فوٹو: اے ایف پی)

راولپنڈی سے کاروباری شخصیت اور سٹی لیبز کے مالک ڈاکٹر جمال ناصر کو بھی محسن نقوی نے اپنی کابینہ میں شامل کیا ہے۔ تین دیگر وزرا میں ایس ایم تنویر، منصور قادر اور اظفر علی ناصر شامل ہیں۔
جمعرات کی رات گورنر ہاؤس میں نگراں وزیراعلٰی پنجاب محسن نقوی نے نگراں صوبائی وزرا کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی۔ جبکہ گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے نگراں وزرا سے حلف لیا۔
اس موقع پر نگراں وزیراعلٰی محسن نقوی نے کہا کہ ’پنجاب کا نگراں سیٹ اپ مکمل طور پر غیرسیاسی اور غیر جانبدار ہے۔‘
’شفاف، منصفانہ اور آزادانہ انتخابات کا انعقاد نگراں سیٹ اپ کی ذمہ داری ہے۔ ہم یہ قومی ذمہ داری بطریق احسن نبھائیں گے۔انتخابات کا پرامن ماحول میں انعقاد یقینی بنایا جائے گا۔‘

شیئر: