Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’اب کچھ باقی نہیں،‘ کیا میسی فٹ بال سے ریٹائرمنٹ کا سوچ رہے ہیں؟

لیونل میسی اپنے کیریئر میں ورلڈ کپ جیتنے کے علاوہ دیگر کئی اہم ٹورنامنٹس بھی جیت چکے ہیں۔ (فائل فوٹو: روئٹرز)
گذشتہ برس فٹ بال ورلڈکپ جیتنے والی ٹیم ارجنٹائن کے کپتان لیونل میسی نے اب تک انٹرنیشنل فٹ بال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان تو نہیں کیا ہے لیکن ان کے ایک حالیہ انٹرویو سے یہ انداز لگایا جا رہا ہے کہ شاید وہ ریٹائرمنٹ کے بارے میں سوچ رہے ہیں۔
’اربابا پلے‘ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں 35 سالہ لیونل میسی کا کہنا تھا کہ ’میں نے جس کا بھی خواب دیکھا تھا قومی ٹیم کے ساتھ سب حاصل کرلیا۔ ذاتی حیثیت میں بھی میں اپنے کیریئر میں سب کچھ حاصل کر چکا ہوں۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’مجھے کوئی شکایت نہیں اور نہ ہی اب کچھ اور چاہیے۔ ہم 2021 میں کوپا امریکہ جیتے اور پھر ورلڈکپ، اب کچھ باقی نہیں۔‘
لیونل میسی اپنے طویل کیریئر میں ورلڈ کپ جیتنے کے علاوہ دیگر کئی اہم ٹورنامنٹس بھی جیت چکے ہیں۔
ان میں چار چیمپیئن لیگز، 10 بارسلونا ایونٹس سمیت دوسری ٹرافیاں بھی شامل ہیں۔
فٹ بال ورلڈ کپ میں جیت کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ’میں چاہتا تھا کہ میراڈونا کے ہاتھ سے کپ لوں اور وہ ارجنٹائن کو ایک بار پھر چیمپیئن بنتے ہوئے دیکھتے۔
خیال رہے ڈیاگو میراڈونا دو سال قبل دل کے دورے کے باعث انتقال کر گئے تھے۔
لیونل میسی کے مطابق ’بہت سے لوگ مجھ سے پیار کرتے ہیں لیکن مجھے سب سے زیادہ قوت مجھے انہی (میراڈونا) سے ملی۔

شیئر: