Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹرافی نے آواز دے کر کہا تھا آؤ مجھے اُٹھاؤ: لیونل میسی

ارجنٹائن نے فائنل میں فرانس کو شکست دیتے ہوئے ورلڈ کپ اپنے نام کیا تھا (فوٹو: اے ایف پی)
ورلڈ کپ جتینے والی ارجنٹائن کی ٹیم کے کپتان لیونل میسی نے کہا ہے کہ انہیں سنہری ٹرافی نے آواز دے کر کہا تھا کہ ’آؤ مجھے اٹھاؤ۔‘
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق 35 سالہ فٹ بالر نے ایک ریڈیو انٹرویو میں کہا کہ ’کپ نے مجھے آواز دے کر کہا قریب آؤ، اب تم مجھے چُھو سکتے ہو۔‘
انہوں نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ’میں نے خوبصورت سٹیڈیم میں اس کی چمک دمک دیکھی تھی اور اس کا بوسہ لینے سے گریز نہیں کیا تھا۔‘
ورلڈ کپ کا انعقاد قطر میں کیا گیا تھا اور لوسیل سٹیڈیم میں اس کا فائنل کھیلا گیا تھا جہاں فتح کے بعد لیونل میسی نے ورلڈ کپ ٹرافی اٹھائی تھی۔
یہ وہی ارجنٹائن تھا جو 2014 کے فائنل میں جرمنی سے ہار گیا تھا۔
قطر میں فائنل جیتنے کے بعد لیونل میسی نے کہا تھا کہ ’بہت مشکلات سہنے اور فائنلز ہارنے کے بعد خدا نے اس ٹرافی کو میرے لیے رکھا تھا۔‘
میسی ڈیاگو میراڈونا کے بعد ارجنٹائن کے دوسرے کپتان کے طور پر سامنے آئے ہیں جنہوں نے ورلڈ کپ جیتا۔ اس سے قبل میراڈونا یہ کپ 1986 میں اٹھا چکے تھے۔

لیونل میسی ڈیاگو میراڈونا کے بعد دوسرے کپتان ہیں جن کی ٹیم نے ورلڈ کپ جیتا (فوٹو: اے ایف پی)

لیونل میسی کا کہنا تھا کہ ’میں چاہتا تھا کہ میراڈونا کے ہاتھ سے کپ لوں اور وہ ارجنٹائن کو ایک بار پھر چیمپیئن بنتے ہوئے دیکھتے۔‘
خیال رہے ڈیاگو میراڈونا دو سال قبل دل کے دورے کے باعث انتقال کر گئے تھے۔
لیونل میسی کے مطابق ’بہت سے لوگ مجھ سے پیار کرتے ہیں لیکن مجھے سب سے زیادہ قوت مجھے انہی (میراڈونا) سے ملی۔‘
بہت سے لوگوں کا خیال تھا کہ ورلڈ کپ جیتنے کے بعد میسی ریٹائرمنٹ لے لیں گے تاہم انہوں نے مزید کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ عالمی چیمپیئن بننے میں ان کا ساتھ دینے والے کھلاڑیوں کے ساتھ میدان میں رہ سکیں۔
تاہم ساتھ ہی میسی نے یہ اظہار بھی کیا کہ ان کا کیریئر زیادہ لمبا نہیں رہ گیا جس میں انہوں نے ورلڈ کپ جیتنے کے علاوہ دیگر کئی اہم ٹورنامنٹس میں بھی فتح حاصل کی۔
ان میں چار چیمپیئن لیگز، 10 بارسلونا ایونٹس سمیت دوسری ٹرافیز شامل ہیں۔
میسی لیونل نے انٹرویو میں مزید کہا کہ ’بس یہی کچھ تھا، اب مزید کچھ کرنے کو نہیں رہ گیا۔ میں نے جو چاہا اپنی قومی ٹیم کے ہمراہ پا لیا ہے۔‘

شیئر: